0
Monday 2 Jan 2017 10:51

لاہور، سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر کیخلاف مقدمے کے بعد فتویٰ بھی آ گیا

لاہور، سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر کیخلاف مقدمے کے بعد فتویٰ بھی آ گیا
اسلام ٹائمز۔ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر کے کرسمس پیغام پر مقدمے کے بعد فتویٰ بھی آگیا ہے، شان تاثیر کی طرف سے مبارکباد دیئے جانے کو توہین رسالت کے مترادف قرار دیدیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقدمے میں شان تاثیر نے ڈی آئی جی لاہور اور اپنے وکیل سے رابطہ کر لیا ہے، بالآخر پولیس نے وکیل کو بتایاکہ ان پر دباﺅ ہے، وہ کچھ نہیں کر سکتے لیکن وکیل کا موقف سننے کی بجائے انہیں تجویز دی کہ شان تاثیر کو ایسا کام نہیں کرنا چاہیے۔ دوسری طرف دارالافتاء کے پیر افضل قادری نے آسیہ نامی مسیحی قیدی کے حق میں دعا کی اپیل کرنے اور قانون ناموس رسالت ﷺ یعنی 295c کو غیر انسانی قانون کہنے پر شان تاثیر کو گستاخی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ اس سے قبل لاہور کے تھانہ اسلامپورہ میں پولیس کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 295 اے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردی گئی ہے۔

پولیس کی مدعیت میں تھانہ اسلامپورہ میں درج مقدمے میں موقف اپنایا گیا کہ مغرب کے وقت نامعلوم شخص تھانے کے باہر ایک پارسل چھوڑ گیا جسے کھول کر دیکھا گیا تو اس میں ایک یو ایس بی تھی، یو ایس بی میں ایک نامعلوم شخص کو مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد اور توہین رسالت کے الزام میں قید آسیہ مسیح اور نبیل مسیح سمیت ایسے قوانین کی زد میں آنیوالے تمام افراد کیلئے دعاگو ہونے کا بیان کر رہا ہے اور دیگر لوگوں کو بھی ہدایت کرتا ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کیلئے دعا کریں، اس بیان کی وجہ سے اشتعال انگیزی پیدا ہو سکتی ہے لہٰذا پولیس کی مدعیت میں 295 اے کے تحت 2101/16 ایف آئی آر درج کرکے مزید تفتیش کیلئے مقدمہ تفتیشی ونگ کو بھجوا دیا گیا۔

دوسری طرف سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان کی طرف سے بھی تھانہ مغلپورہ میں شان تاثیر کیخلاف ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں 295c کیخلاف گفتگو کرنے پر قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کے جذبات ارادتاً بھڑکانے یا مجروح کرنے پر دفعہ 295c کا اطلاق ہوتا ہے۔ بعدازاں سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر تھانہ اسلامپورہ میں درج ہونیوالی ایف آئی آر کی کاپی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "پنجاب پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کرسمس پیغام پر میرے خلاف 295 اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 596373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش