QR CodeQR Code

کالعدم تنظیموں کے حوالے سے وفاق کی کوئی پالیسی نہیں، مشیر اطلاعات سندھ

2 Jan 2017 16:07

کراچی میں سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ راحیل شریف کے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے سکون کا سانس لیا، وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح ردعمل نہیں دے رہا۔


اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح عمل پیرا نہیں، جبکہ وفاق نے مدارس سمیت غیر قانونی اسلحہ کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان لڑائی کروانے کی کوشش کی گئی، لیکن اداروں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے نتائج سامنے آئے ہیں، نئے کور کمانڈر کراچی بہت نرم مزاج آدمی ہیں، نئے ڈی جی رینجرز سندھ بھی بہت اچھے ہیں، جبکہ آئی جی سندھ اور کور کمانڈر نے سندھ حکومت کے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس کرنے اور دکھانے کو کچھ نہیں رہا، جبکہ راحیل شریف کے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے سکون کا سانس لیا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم اہم مسئلہ ہے، کیونکہ ہم اوپر کچھ بھی کریں، لیکن اگر گلیوں میں عوام محفوظ نہیں تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، یہ اہم معاملہ ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ نے اسٹریٹ کرائم ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح ردعمل نہیں دے رہا، وفاق نے مدارس سمیت غیر قانونی اسلحہ کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، کالعدم تنظیموں کے حوالے سے وفاق کی کوئی پالیسی نہیں۔  مشیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اسلحہ یہاں نہیں بنتا، لیکن یہاں آرہا ہے اور اس کو روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے، تاہم وفاق سندھ کے ساتھ پنجاب کے شہروں میں بھی بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 596486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/596486/کالعدم-تنظیموں-کے-حوالے-سے-وفاق-کی-کوئی-پالیسی-نہیں-مشیر-اطلاعات-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org