0
Tuesday 3 Jan 2017 20:07

آئندہ بھی دہشتگردوں کیخلاف نئے جذبے اور ولولے کیساتھ برسرپیکار رہیں، ناصر خان درانی

آئندہ بھی دہشتگردوں کیخلاف نئے جذبے اور ولولے کیساتھ برسرپیکار رہیں، ناصر خان درانی
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونحوا اور پنجاب کے افسروں و جوانوں کو سروں کی قیمت رکھنے والے دہشتگرد اور اشتہاری مجرموں کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات و توصیفی اسناد سے نوازا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے ان دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی تھی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے آئی جی پی کو افسروں اور جوانوں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے دوران انعامی رقم کے 80 لاکھ روپے 12 افسروں میں تقسیم کئے گئے، جن کی ٹیموں نے سر کی قیمت رکھنے والے 11 بدنام زمانہ دہشتگرد اور اشتہاریوں کو گرفتار کیا تھا۔ ان عسکریت پسندوں اور اشتہاریوں کی گرفتاری سے دہشتگردی کے مقدمات کا کامیابی سے سراغ لگایا گیا۔ بڑے بڑے دہشتگرد جو گرفتار کئے گئے ہیں ان میں حافظ نثار ولد عبدالماجد سکنہ تورغر، سر کی قیمت 10 لاکھ، زیت اللہ ولد امیر سلطان سکنہ بنوں کے سر کی قیمت 10 لاکھ، جنید ولد ظہور سکنہ ایبٹ آباد 5 لاکھ، قاری ثاقب ولد ڈاکٹر کامران 10 لاکھ، سفیر اللہ عرف سفیر باد ولد نور باد، سکنہ ہنگو 5 لاکھ، سید رفیق ولد محمد رفیق سکنہ بنوں 10 لاکھ، اعجاز ولد فقیر محمد سکنہ پشاور 10 لاکھ، فیروز ولد مومن خان سکنہ خیبر ایجنسی 5 لاکھ، ریاض خان ولد نادر خان سکنہ خیبر ایجنسی 5 لاکھ، سید امین ولد سیف الرحمٰن سکنہ خیبر ایجنسی 5 لاکھ اور ملک زادہ عرف نعمان ولد فرہاد علی سکنہ صوابی کے سر کی قیمت 10 لاکھ مقرر تھی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ ان دہشتگردوں کی گرفتاری سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ایجنسیوں کی مشترکہ کاوشوں سے عمل میں لائی گئی۔

تقریب کے دوران پنجاب پولیس کے افسران کو بھی خیبر پختونخوا پولیس کو مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری پر انعام سے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے انعام یافتگان کے عزم و ہمت اور حوصلے کو بے حد سراہا۔ آئی جی پی نے کہا کہ اللہ تعالٰی اپنے خاص بندوں کو اتنے بڑے انعام سے نوازتا ہے اور بڑے انعام کے لئے نامزد ہونا بڑی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے انعام یافتگان کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ کے لئے بھی دہشتگردوں کے خلاف نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ برسرپیکار رہیں اور عوام کی  وابستہ توقعات پہ ہر قیمت پر پورا اُتریں۔ اُنہوں نے سی ٹی ڈی ٹیم کے ممبران کی صلاحیتوں اور کارکردگی پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ان عسکریت پسندوں کو مکمل چھان بین اور تفصیلی انٹاروگیشن کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔ اُنہوں نے ان ملزمان کے کیسوں کی مسلسل پیروی کرنے کی بھی تاکید کی، تاکہ ملزمان عدالتوں سے سزا یاب ہوسکیں اور انہیں ان کے کئے کی سزائیں مل سکیں۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی کے افسروں اور جوانوں میں انعامات تقسیم کرنے سے نہ صرف انکا حوصلہ بڑھے گا، بلکہ ان میں مزید پیشہ ورانہ جوش و جذبہ پیدا ہوگا اور وہ اپنی کوششوں میں مزید تیزی لاکر بہتر نتائج دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 596820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش