0
Wednesday 4 Jan 2017 10:47

المحمدیہ سٹوڈنٹس نے پابندی کیخلاف مظاہروں کا اعلان کردیا

المحمدیہ سٹوڈنٹس نے پابندی کیخلاف مظاہروں کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان نے امریکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ 5 جنوری جمعرات کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ احتجاجی مظاہروں میں المحمدیہ سٹوڈنٹس سمیت متحدہ طلباء محاذ میں شامل دیگر طلباء تنظیموں کے رہنماء خطاب کریں گے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ہم پر لگائے جانے والے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس لسانی، مسلکی اور صوبائی تعصبات سے پاک محب وطن طلبا تنظیم ہے جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیمی رہنمائی فراہم کرنا ہے، ہم ملک بھر میں نوجوانوں کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر تربیت دے رہے ہیں، امریکہ کی طرف دہشتگردی کا الزام عائد کرنا اور پابندی کا اعلان تعلیم دشمنی ہے، ہم اس کیخلاف ملک میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ خود دنیا میں داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کو پروان چڑھا رہا ہے لیکن دوسری جانب تعلیم دوست طلبا تنظیموں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں؟ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں طلبا کو لسانی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر پاکستانی پرچم تلے جمع کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم بھارت اور امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے، ہمارے اس تعمیر وطن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہم پر یہ پابندیاں لگائی جا رہی ہیں لیکن ہم امریکہ کی ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتے۔ محمد راشد نے کہاکہ لشکر طیبہ ایک کشمیری جماعت ہے، المحمدیہ سٹوڈنٹس کا اس سے کوئی تعلق نہیں، امریکی انتظامیہ نے محض بھارت کو خوش کرنے کیلئے کشمیری جماعت کا سہارا لے کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے، المحمدیہ سٹوڈنٹس اپنا کام بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی اور اسی طرح نوجوانوں کو ملک بھر میں پاکستان کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے پر اُبھارتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں نظریہ پاکستان کے سیمینارز کا انعقاد کرواتی ہے، ان سیمینارز کا مقصد نوجوانوں میں نظریہ پاکستان کے حوالے سے آگہی پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس نوجوانوں کو شدت پسندی سے دور رکھتے ہوئے نظریہ پاکستان سے جوڑنے کیلئے سرگرم ہے، نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کرنے میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کا بہت اہم کردار ہے، المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک گیر جماعت ہے اور کراچی سے گلگت بلتستان تک بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے، بلوچستان میں ملک دشمن طاقتوں کو مدد فراہم کرنیوالوں کو المحمدیہ سٹوڈنٹس کا کردار کھٹکتا ہے، ہم پورے بلوچستان میں بھارت اور امریکہ کے ایجنٹوں کی طرف سے پھیلائے گئے پروپیگنڈا کا توڑ کرنے میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 596975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش