0
Friday 6 Jan 2017 12:57

لودھراں کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے، 7 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

لودھراں کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے، 7 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ اطلاعات کے مطابق ہزارہ ایکسپریس حویلیاں سے کراچی کے لئے آ رہی تھی کہ آدم واہن اور لودھراں کے درمیان ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کے باعث 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ رکشہ ڈرائیور اور ایک بچے کو طبی امداد کے لئے وکٹوریہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ریلوے پھاٹک کھلا ہوا تھا جب کہ حادثے کے وقت ریلوے کا کوئی ملازم وہاں موجود نہیں تھا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لودھراں کے قریب ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے حکام کو ریلوے ہیڈ کوارٹر طلب کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ڈی سی او ریلوے نے حادثے کی عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس سے پہلے مال گاڑی گزری تھی اور رش کی وجہ سے گیٹ کیپر پھاٹک بند نہ کر سکا۔ دوسری جانب ہزارہ ایکسپریس کے عملے اور ریلوے پھاٹک کے گیٹ کیپر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں ریلوے انتظامیہ کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس مقام پر پھاٹک کو بند کرنے کا کوئی باقاعدہ نظام موجود ہے۔ پھاٹک پر موجود اہلکار قریب ہی قائم ریلوے سٹیشن پر موجود ٹرینوں کی نقل و حرکت کو دیکھ کر ٹرینوں کی آمد و رفت کا اندازہ لگاتا ہے اور پھاٹک کو کھولتا اور بند کرتا ہے۔ آج صبح جس وقت سکول رکشے والے نے پھاٹک پار کرنے کی کوشش کی تو وہاں کوئی ذمہ دار اہلکار موجود نہیں تھا اور پھاٹک کھلا تھا۔ رکشہ ڈرائیور نے جب پھاٹک پار کرنے کی کوشش کی تو اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ہزارہ ٹرین کی زد میں آ گیا۔
خبر کا کوڈ : 597556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش