0
Friday 6 Jan 2017 22:07

ملتان میں جلد جنوبی پنجاب کا ہیڈکوارٹر بلاول ہاؤس بنے گا، مخدوم احمد محمود

ملتان میں جلد جنوبی پنجاب کا ہیڈکوارٹر بلاول ہاؤس بنے گا، مخدوم احمد محمود
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ ملتان میں جلد بلاول ہاؤس بنے گا، جو پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کا ہیڈکوارٹر ہوگا، بلاول اور آصف زرداری کے قومی اسمبلی میں آنے سے پیپلزپارٹی کے قومی لیڈرز کی اسمبلی میں نمائندگی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیلانی ہاؤس ملتان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 89 ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے شوکت بسرا، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری نتاشا دولتانہ، علی حیدر گیلانی، خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین اور پی پی جیالوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا قوم کو آج بھی ذوالفقار علی بھٹو کی ضرورت ہے۔ میاں نواز شریف عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ ایجنسی، بیوروکریسی اور دہشت گردی پھیلانے والوں کی مدد سے حکومت بناتے ہیں۔ بلاول جلد رحیم یار خان آئیں گے جہاں سے انہیں ریلی کی صورت میں جنوبی پنجاب کا دورہ کروایا جائے گا، اور یہاں کے باقی بچ جانے والے اضلاع کے پارٹی امیدواروں کے انٹرویو بھی وہ ملتان میں ہی کریں گے۔ مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ رحیم یار خان میں جمہوریت کا قتل کیا گیا، چوہدری منیر نے 40 کروڑ روپے ہارس ٹریڈنگ پر خرچ کئے، ایک چیئرمین کو ایک سے تین کروڑ روپے میں خریدا گیا، ریٹرننگ افسر نے بھی دھاندلی کی تصدیق کر دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اکیلے سولو فلائٹ کا فیصلہ کیا اور سپریم کورٹ چلے گئے، انہیں پی پی قیادت سے بھی مشورہ کرنا چاہئے تھے، اپوزیشن کو متحد ہو کر حکومت کے خلاف اتحاد بنانا چاہئے تھا مگر آئندہ الیکشن میں عمران خان کو بھی اندازہ ہو جائے گا کہ ان کا مقابلہ کس جماعت سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 597667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش