0
Saturday 7 Jan 2017 13:41

اشتہارات میں 5 ارب کی کرپشن، شرجیل میمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اشتہارات میں 5 ارب کی کرپشن، شرجیل میمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی احتساب عدالت نے 5 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کے خلاف 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل دبئی میں شدید علیل اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں ان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست زیرِ سماعت ہے اور اس درخواست پر 10 جنوری کو فیصلہ آنے کی توقع ہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے۔

شرجیل میمن کے وکلاء کی درخواست پر نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شرجیل میمن جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر کوئی حکم جاری نہیں کیا، لہٰذا ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔ عدالت نے شرجیل میمن کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 14 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ شرجیل میمن پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرکے اشتہارات کی مد میں جاری کی گئی رقم میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 597852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش