QR CodeQR Code

وزیراعظم سمیت تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو جعلی وفاقی وزیر بن کر 6 سال تک فراڈ کرنیوالا سلامت علی چوہان گرفتار

7 Jan 2017 13:53

ایف آئی کے مطابق جعلی وزیر نے پی ٹی سی ایل سے سرکاری نمبر بھی حاصل کیا، جب کہ جعلی وزیر نے چمبہ ہاوس لاہور میں اپنا دفتر بنانے اور اسٹاف کے لیے گاڑیاں اور سکیورٹی بھی مانگی تھی، جعلی وزیر نے ڈی سی او لاہور سے اپنی سکیورٹی کے لیے خط بھی لکھا، جس پر ڈی سی او نے ڈی ائی جی پولیس کو بھی سکیورٹی دینے کا حکم دے دیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے نے جعلی وفاقی وزیر بن کر وزیراعظم، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور ججز سمیت مختلف وفاقی و صوبائی اداروں کو ماموں بنانے والے نوسرباز کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے وزیراعظم اور ججز سمیت تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو جعلی وفاقی وزیر بن کر فراڈ کرنے والے سلامت علی چوہان کو گرفتار کر لیا ہے، سلامت علی چوہان فنانشل کمرشل اینڈ کنزیومر افیئر کا وفاقی وزیر بن کر لوگوں کو قرضہ دلانے کی آڑ میں لوٹ رہا تھا، جس کے لیے سلامت علی چوہان نے وزیر اعظم، وزارت خزانہ سمیت دیگر وفاقی اداروں کو خط بھی لکھے کہ ان کے ساتھ تعاون کیا جائے، جعلی وزیر گزشتہ 6 برس سے یہ کام کر رہا تھا۔ ایف آئی کے مطابق جعلی وزیر نے پی ٹی سی ایل سے سرکاری نمبر بھی حاصل کیا، جب کہ جعلی وزیر نے چمبہ ہاوس لاہور میں اپنا دفتر بنانے اور اسٹاف کے لیے گاڑیاں اور سکیورٹی بھی مانگی تھی، جعلی وزیر نے ڈی سی او لاہور سے اپنی سکیورٹی کے لیے خط بھی لکھا، جس پر ڈی سی او نے ڈی ائی جی پولیس کو بھی سکیورٹی دینے کا حکم دے دیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ وزیر اعظم سے لے کر تمام صوبائی حکومتوں کو بھی جعلی وزیر نے خطوط لکھے، لیکن کسی بھی نے بھی ان خطوط کی چھان بین نہیں کی اور جعلی وزیر کے خطوط پر تمام ادارے احکامات بھی دیتے بھی رہے۔ دوسری جانب جعلی وزیر نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا کہ آپ بے روزگاری ختم کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور میں نے اس کا حل تلاش کر لیا ہے، جب کہ سلامت علی چوہان نے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت بھی مانگ رکھا تھا۔


خبر کا کوڈ: 597861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/597861/وزیراعظم-سمیت-تمام-وفاقی-اور-صوبائی-اداروں-کو-جعلی-وزیر-بن-کر-6-سال-تک-فراڈ-کرنیوالا-سلامت-علی-چوہان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org