0
Tuesday 10 Jan 2017 10:45

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، لوٹ مار کے دوران ڈاکو معمولی مزاحمت پر فائرنگ کرنے سے دریغ نہیں کرتے، رواں سال کے پہلے 9 روز میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل، جبکہ خواتین سمیت 21 افراد کو زخمی کر دیا ہے، پیر کو فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر خاتون سمیت 2 افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔ شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر پولیس قابو پانے میں ناکام ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور ڈویژنل ایس پیز کو دی جانے والی سخت ہدایات کے باوجود ماتحت افسران شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو روکنے میں بری طرح سے ناکام ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ان میں ڈاکوؤں کی بے رحمانہ فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، نئے سال 2017ء کے ابتدائی 9 روز میں شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، جبکہ خاتون سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ یکم جنوری کو شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو زخمی کیا، 2 جنوری کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پھل فروش بخت زادہ، جبکہ گلشن اقبال کے علاقے میں راشد نامی شخص کو گاڑی چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ہلاک ہوا۔

4 جنوری کو کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ رضوان احمد، جبکہ جمشید کوارٹرز پردہ پارک کے قریب 50 سالہ ملک عبدالرحمن زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ 3 افراد کو مزاحمت پر زخمی کیا گیا، جس میں گارڈن کے علاقے میں ظفر اور شاہ زیب، جبکہ نیو کراچی بلال کالونی میں حنیف نامی شخص کو مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، 5 جنوری کو فیروز آباد کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاوید نامی شخص زخمی ہوگیا۔ 6 جنوری کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 5 افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا، جس میں پریڈی کے علاقے میں علی رضا، کورنگی صنعتی ایریا میں عبدالعز اور عمر، اورنگی ٹاؤن میں کاشف اور محمود آباد دلشاد کو نشانہ بنایا، 7 جنوری عزیز بھٹی کے علاقے اردو یونیورسٹی کے قریب مزاحمت 30 سالہ اسد کو ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ قائدآباد میں ریاض احمد، ٹیپو سلطان میں گلفام اور سچل کے علاقے میں وحید کو ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ 8 جنوری کو شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 5 افراد شارع نور جہاں میں سہیل، شارع فیصل پر علی بخش، فیروزآباد میں غازی خان اور کامران، جبکہ ابراہیم حیدری میں عارف شاہ فائرنگ سے زخمی ہوگئے، 9 جنوری کو جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 اور 9 ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 35 سالہ رضیہ اور 48 سالہ جنید زخمی ہوگئے۔

زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور ڈویژنل ایس پیز کی عدم دلچسپی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں عروج پر ہیں، پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر درجنوں ملزمان کی گرفتاری کے دعوؤں کے باوجود شہر کے علاقوں شریف آباد ایف سی ایریا، جوہر آباد فیڈرل بی ایریا، مبینہ ٹاؤن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، بہادر آباد، نیو ٹاؤن، عزیز بھٹی، شارع فیصل، ڈالمیا روڈ، حسن اسکوائر، پرانی سبزی منڈی، نیپا چورنگی، بوٹ بیسن، کلفٹن، کھارادر، میٹھادر، عیدگاہ، جوبلی، نشتر روڈ، رامسوامی، شو مارکیٹ، گارڈن، دھوبی گھاٹ، لیاری، میراں ناکہ، شیر شاہ، سائٹ حبیب بینک، پاک کالونی، بلوچ کالونی، ڈیفنس، گزری، شاہ فیصل کالونی، کورنگی صنعتی ایریا، مہران ٹاؤن، زمان ٹاؤن، کورنگی کراسنگ، ملیر ندی، ابراہیم حیدری، کورنگی کریک روڈ، کھوکھرا پار، سعود آباد، سہراب گوٹھ، نیو کراچی، لیاقت آباد، سپر مارکیٹ، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ سوسائٹی، پاپوش نگر، تیموریہ، شارع نور جہاں، عائشہ منزل، کریم آباد، حسین آباد، یاسین آباد، یوسف پلازہ، سمن آباد، کیفے پیالہ، پیپلز چورنگی اور کے بی آر سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر پولیس قابو پانے میں ناکام رہی اور ان علاقوں میں میں اسٹریٹ کرمنل آزادانہ شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 598738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش