0
Wednesday 11 Jan 2017 11:23

بھارت و پاکستان کے درمیان بات چیت کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، محبوبہ مفتی

بھارت و پاکستان کے درمیان بات چیت کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت و پاکستان کے پاس بات چیت کے سوا کوئی چارہ نہیں اور حالات ایسے نہیں رہنے والے بلکہ معمول پر لوٹ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1977ء میں نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا، اسی طرح پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا۔ انہوں نے ایجنڈا آف الائنس کو کئی مسائل کا حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپسی خدشات دور کرنے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم سب لوگ یہی بات کہتے ہیں کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے، ایک تکلیف ہے جس کا حل نکلنا چاہئے۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا یہ ماحول ایسے رہنے والا نہیں ہے، آہستہ آہستہ حالات معمول پر لوٹ آئیں گے، کیوںکہ پاکستان اور ہندوستان کے پاس بھی بات چیت کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دس سال انتظار کرتے رہے لیکن بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اپنے آبائی گھر لاہور نہیں جا پائے، جو وہ دیکھنا چاہتے تھے، لیکن ہمیں یہ بھولنا نہیں چاہئے کہ یہ نریندر مودی ہی تھے جو دسمبر میں لاہور چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جغرافیائی اور تاریخی طور پر ایک دوسرے ملک سے جڑے ہوئے ہیں، جنگ کر کے رہیں یا دوست بن کر رہیں، کتنی بھی جنگیں لڑیں لیکن ایک دوسرے کے ساتھ ہی رہنا پڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی پی بننے کے روز سے ہی ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ پل کا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 599027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش