QR CodeQR Code

بلوچستان، سردیوں کی پہلی بارش کیساتھ بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع

14 Jan 2017 10:49

بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف گذشتہ روز شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیاگیا اور کوئٹہ کی مصروف شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیاگیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سوئی گیس حکام مسئلے کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں، لہٰذا انہیں فوری برطرف کر کے اہل حکام کو تعینات کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت، خضدار، قلات، مستونگ، سبی، پشین، خانوزئی، زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جو رات گئے تک جاری رہا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔ کوئٹہ میں بارش ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہو گئی جبکہ رہی سہی کسر گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ نے پوری کردی۔ سردی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دن بھر شہری سلنڈرز میں ایل پی جی گیس بھرواتے نظر آئے۔ سریاب کے علاقوں کشمیر آباد، کلی بنگلزئی، بی بی زیارت ٹاؤن، عارف گلی، کلی نیک محمد، کلی دیبہ، کواری روڈ، پشتون آباد، ٹین ٹاؤن، کاسی روڈ، اسپیشل ہائی سکول کے اطراف کی گلیوں سمیت سینکڑوں شہری آبادیوں میں دن بھر گیس بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی اور گیس پریشر غائب رہا۔ شدید سردی کے باعث ضعیف العمر افراد اور بچے دن بھر ٹھٹھرتے رہے۔ گذشتہ روز شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیاگیا اور کوئٹہ کی مصروف شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیاگیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سوئی گیس حکام مسئلے کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں، لہٰذا انہیں فوری برطرف کر کے اہل حکام کو تعینات کیا جائے۔ گذشتہ روز سینیٹ اجلاس میں اس مسئلے کی جانب ایوان کی توجہ کرائی گئی، سی این جی اسٹیشنز کی بندش بھی عوامی مسائل کے حل میں کارآمد ثابت نہ ہو سکی، عوامی حلقوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے مسئلہ کے فوری حل نہ ہونے کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کافیصلہ کیاگیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

قلات میں بارشوں سے ایک جانب شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تو دوسری جانب شدید سردی سے شہری ٹھٹھرتے رہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گیس پریشر غائب، بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی اور گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جو وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہی جبکہ تفریحی مقام کوہ ہربوئی عالی دشت، نیچارہ، اسکلکو سمیت دیگر پہاڑی و دیہی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ برفباری کے بعد کوہ ہربوئی نے سفید چادر اوڑھ لی۔ محکمہ موسمیات قلات کے انچارج شیر احمد سمالانی کے مطابق پہاڑوں کے علاوہ شہر میں بھی بارش کے علاوہ برفباری کا امکان ہے۔ جس کے بعد سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔ دوسری جانب سردی کے باعث قلات میں گیس پریشر کی بندش اور بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں نے گیس پریشر کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے، ڈیرہ بگٹی سمیت ضلع کے دیگر علاقوں سوئی پیرکوہ حبیب راہی پٹوخ لوپ اور سنگسیلاح سمیت دیگر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی باران رحمت برسنے کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا، بارش جہاں لوگوں کی خوشی کا باعث بنی، وہاں گیس حکام کی عدم توجہ کی وجہ سے گیس پریشر میں کمی کے مسئلے نے بھی شہریوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا۔ گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے سے امور خانہ داری بھی بری طرح متاثر ہوئے جبکہ سردی کی بڑھتی ہوئی شدت اور گیس پریشر میں کمی سے بزرگ بچے اور خواتین سخت مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ضلع کے عوام نے وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر غلام نبی بگٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر سوئی گیس حکام سے بازپرس کریں اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے ضلع کے عوام کو نجات دلائیں۔


خبر کا کوڈ: 599853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/599853/بلوچستان-سردیوں-کی-پہلی-بارش-کیساتھ-بجلی-اور-سوئی-گیس-لوڈشیڈنگ-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org