0
Sunday 15 Jan 2017 22:30

سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات آج 15 جنوری کی رات 12 بجے ختم ہو جائینگے

سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات آج 15 جنوری کی رات 12 بجے ختم ہو جائینگے
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات آج 15 جنوری کی رات بارہ بجے ختم ہو جائیں گے، صوبائی حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری تاحال وفاقی حکومت کو نہیں بھجوائی جا سکی، صوبائی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر تاخیری حربوں کا استعمال شروع۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت آج رات ختم ہو رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز اختیارات کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ اجلاس میں کل رینجرز کے اختیارات کا معاملہ زیرِ غور لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں رینجرز اختیارات میں توسیع کی توثیق متوقع ہے۔ سندھ میں رینجرز کو اختیارات گزشتہ سال اٹھارہ اکتوبر کو نوّے دن کیلئے دیئے گئے تھے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی۔ رینجر کو 1997ء کے انسداد دہشتگردی ایکٹ 4 کے تحت اختیارات دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے توسیع کی سمری وفاقی حکومت کو اب تک نہیں بھجوائی۔ سندھ حکومت کی ٹال مٹول پر سیاسی جماعتوں نے تشویش ظاہر کر دی۔ تحریک انصاف نے رینجرز اختیارات میں طویل مدت کی توسیع کا مطالبہ کر دیا۔ پاک سرزمین پارٹی نے رینجرز اختیارات پر سندھ حکومت کی خاموشی کو بارگین حربہ قرار دے دیا۔ ماضی میں بھی رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت تاخیری حربے اختیار کرتی رہی ہے۔ سندھ کا محکمہ داخلہ رینجرز اختیارات کی سمری وزیراعلیٰ کو بھیجتا ہے، یہ سمری وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد وفاق کو بھیج دی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 600402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش