QR CodeQR Code

امریکی کمانڈر جنرل جوزف کی وفاقی وزراء اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں

16 Jan 2017 22:27

امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف نے وزیر خزانہ، وزیر دفاع، ڈی جی آئی ایس آئی سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور افغان امن سمیت خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بعد ازاں جی ایچ کیو میں انہوں نے آرمی چیف سے خصوصی ملاقات کی۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف نے وزیر دفاع، وزیر خزانہ، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف واٹل نے اسلام آباد میں مصروف دن گزارا۔ جنرل جوزف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور افغان امن سمیت خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل جوزف واٹل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں خطے بالخصوص افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ جنرل جوزف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان قیادت پر مشتمل امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ بعد میں جنرل جوزف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


خبر کا کوڈ: 600773

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/600773/امریکی-کمانڈر-جنرل-جوزف-کی-وفاقی-وزراء-اور-عسکری-قیادت-سے-ملاقاتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org