QR CodeQR Code

آرمی چیف اور افغان صدر کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ایک احسن اقدام ہے، آفتاب شیرپاؤ

17 Jan 2017 22:46

اپنے ایک جاری بیان میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے مفادات مشترکہ ہیں، تعلقات میں بگاڑ سے دوسرے عناصر فائدہ لیں گے، جس سے خطے کے امن اور خوشحالی پر منفی اثرات مرتب ہوںگے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے اسلام آباد اور کابل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہیں بلکہ خطے اور عوام پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، لہٰذا دونوں ہمسایہ ممالک غلط فہمیوں کے خاتمے اور تعلقات میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کریں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ نازک صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کریں، کیونکہ بدگمانیاں مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں، تعلقات میں بگاڑ سے دوسرے عناصر فائدہ لیں گے، جس سے خطے کے امن اور خوشحالی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل باجوہ اور افغان صدر اشرف غنی کے مابین ٹیلی فونک رابطہ کو ایک احسن اقدام قرار دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے، لیڈرشپ، اسٹبلشمنٹ اور عوام کے مابین روابط بڑھنے چاہیئں، تاکہ مسائل کو میز پر بیٹھ کر حل کیا جائے۔ آفتاب شیرپاؤ نے قندہار اور کابل میں دہشتگردی کے واقعات پر گہرے غم و رنج کا اظہار کیا اور قیمتی انسانی جانوں کی ضیاع کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 601100

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/601100/ا-رمی-چیف-اور-افغان-صدر-کے-مابین-ٹیلی-فونک-رابطہ-ایک-احسن-اقدام-ہے-آفتاب-شیرپاؤ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org