QR CodeQR Code

پاکستان مذاکرات چاہتا ہے تو دہشتگردی سے دور رہے، نریندر مودی

18 Jan 2017 22:03

نئی دہلی میں منعقدہ سالانہ کانفرنس ’’رائی سینا ڈائیلاگ‘‘ کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نے چین کے ساتھ بھارت کے خراب ہوتے ہوئے تعلقات کی بھی نفی کی اور کہا کہ دو بڑے ہمسایہ ممالک کے درمیان اختلافات ہونا کوئی غیر فطری بات نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان دوستانہ اور پرامن تعلقات چاہتا ہے، تو خود کو دہشتگردی سے علیحدہ کرے۔ نریندر مودی نے نئی دہلی میں منعقدہ سالانہ کانفرنس ’’رائی سینا ڈائیلاگ‘‘ کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے اور مذاکرات کا خواہاں ہے، تو اسے خود کو دہشتگردانہ سرگرمیوں سے الگ کرنا ہوگا۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہمارے وہ پڑوسی جو تشدد، نفرت اور دہشتگردی کو سپورٹ کرتے ہیں وہ تنہا کھڑے ہیں اور انہیں نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ جب سے انہوں نے عہدہ سنبھالا ہے، تب سے پاکستان سمیت سارک کے تمام رکن ممالک کو بہتر تعلقات کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور بھی گیا لیکن بھارت تنہا امن کے راستے پر نہیں چل سکتا۔ بھارت کے پڑوس میں سکیورٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے شہریوں کی سلامتی انتہائی اہم ہے، لیکن صرف ذاتی مفاد نہ ہماری ثقافت ہے اور نہ ہی ہمارا رویہ۔ نریندر مودی نے کہا کہ فروغ پاتی ہوئی مربوط ہمسائیگی میرا خواب ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے چین کے ساتھ بھارت کے خراب ہوتے ہوئے تعلقات کی بھی نفی کی اور کہا کہ دو بڑے ہمسایہ ممالک کے درمیان اختلافات ہونا کوئی غیر فطری بات نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 601370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/601370/پاکستان-مذاکرات-چاہتا-ہے-دہشتگردی-سے-دور-رہے-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org