0
Thursday 19 Jan 2017 23:19

افغان صدر کا مولانا سمیع الحق اور دارالعلوم حقانیہ سے قدیم دیرینہ عقیدت کا اظہار

افغان صدر کا مولانا سمیع الحق اور دارالعلوم حقانیہ سے قدیم دیرینہ عقیدت کا اظہار
پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر ضاخیل وال نے جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ملاقات کی۔ افغان سفیر کی وساطت سے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ مولانا سمیع الحق کی دو گھنٹے تک اہم ٹیلیفونی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق افغان سفیر ڈاکٹر عمر ضاخیل وال اور جے یو آئی (س) کے امیر مولانا سمیع الحق کی اکوڑہ خٹک میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران افغان سفیر نے افغانستان کے صدر سے مولانا سمیع الحق کی تقریباً آدھا گھنٹہ فون پر بات کرائی، صدر اشرف غنی نے مولانا سمیع الحق اور دارالعلوم حقانیہ سے قدیم دیرینہ عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ نہ صرف طالبان بلکہ ہم سب کیلئے اور پوری افغان قوم کیلئے قابل احترام اور استاد کی حیثیت رکھتے ہیں، ہم سب کی نظریں قیام امن کیلئے آپ کی طرف اٹھتی ہیں اور میں خود آپ کو اپنا استاد سمجھتا ہوں۔

مولانا سمیع الحق نے ان کے جذبات کی تحسین کی اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن کا قیام ہم سب کی ضرورت ہے، لیکن اس سلسلے میں اصل ذمہ داری افغان حکومت پر ہے کہ وہ اس میں موثر کردار ادا کرے۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ افغانستان پر مسلط کردہ جنگی محرکات کا ازالہ کیا جائے، بنیادی بات افغانستان کی آزادی ہے۔ صرف طالبان ہی نہیں بلکہ افغان حکومت اور پوری افغانی قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کو بیرونی طاقتوں سے آزاد کرائے، تاکہ افغانستان کیلئے دی گئی لاکھوں افراد کی بے مثال قربانیاں ضائع ہونے سے بچ جائیں۔ مذاکرات کیلئے بیرونی قوتوں بالخصوص امریکہ کے دباؤ سے نکلنا ہوگا، مذاکرات کی کامیابی کیلئے مولانا سمیع الحق نے خیر سگالی کے جذبے کے طور پر چند فوری اقدامات اٹھانے کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں دونوں ملکوں کو مستحکم اور مضبوط نہیں دیکھنا چاہتی۔ مولانا سمیع الحق نے افغان سفیر کو موجودہ افغان حکومت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، بھارت کے ساتھ تعلقات و روابط پر انہیں قوم کی تشویش سے آگاہ کیا، ساتھ ہی کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 601796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش