0
Monday 23 Jan 2017 09:55
انڈیا کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کر رہا ہے

کشمیر کی آزادی کیلئے حافظ سعید نے حکومت کو اقوام متحدہ میں دھرنا دینے کا مشورہ دیدیا

کشمیر کی آزادی کیلئے حافظ سعید نے حکومت کو اقوام متحدہ میں دھرنا دینے کا مشورہ دیدیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں سینئر صحافیوں کیساتھ گفتگو میں امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے کہا کہ حکومت پاکستان سی پیک کو آزادی کشمیر کیساتھ جوڑے اور چین، روس و دیگر ملکوں کے ذریعہ انڈیا پر ریاستی دہشتگردی بند کرنے کیلئے دباؤ بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جل رہا ہے، مظلوم مسلمان مدد کیلئے پکار رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف وزراء کے ہمراہ اقوام متحدہ میں دھرنا دیکر بیٹھ جائیں اور کہا جائے کہ جب تک کشمیریوں پر ظلم بند نہیں ہوتا ہم یہاں سے نہیں جائیں گے، حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں کہ وہ کشمیریوں کا خون ہوتا دیکھے، مسئلہ کشمیر کے حل تک انڈیا سے تجارت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتیں اور صحافی برادری قائداعظم کے اصولی موقف پر کاربند رہیں، 26 جنوری سے 5 فروری تک عشرہ کشمیر منائیں گے۔ 26 جنوری کو اسلام آباد میں بڑی اے پی سی جبکہ ضلعی سطح پر جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہیں۔

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے کہاکہ جدوجہد آزادی کشمیر دنیا کی طویل ترین تاریخ ہے، ساڑھے 6 لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، برہان وانی کی شہادت کے بعد سینکڑوں شہید ہو چکے، پیلٹ گن کے چھرے لگنے سے ہزاروں کشمیری زخمی ہوئے، ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی بینائی چلی گئی، ہزاروں افراد کو پی ایس اے قانون کے تحت جیلوں میں ڈال دیا گیا جس میں نوے سالہ بزرگ سے لیکر 5 سال تک کا بچہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سکول جلائے گئے اور خواتین سے بداخلاقی کے واقعات ہوئے، 65 ہزار سے زائد املاک بھارتی فوج نے تباہ کی ہیں، جموں میں ہندو انتہاپسند تنظیمیں مسلح مارچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کر رہا ہے لیکن افسوس کہ دنیا میں اس کا شور نہیں ہوا، میں اس کے باقاعدہ ثبوت پیش کر سکتا ہوں، عبدالماجد زرگر شہید ہوا تو پوری کشمیری قوم سڑکوں پر آئی، انڈیا کے پروپیگنڈے کو رد کرنے اور کشمیر میں ظلم کے خلاف تحریک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہا جاتا ہے کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا سودا کیا تھا، ان دستاویزات کو پیش کرکے انڈیا نے اٹوٹ انگ کی رٹ لگا کر دنیا کے سامنے پیش کیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے سامنے پیش کرنیوالی وہ دستاویز ہی جھوٹ پر مبنی ہے، یہ ساری سازش پٹیل، نہرو، لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی بے جی پی، کانگریس، میڈیا سب ایک انداز میں بات کرتے ہیں لیکن پاکستان میں الگ الگ مؤقف نظر آتے ہیں، پاکستان اور فوج کیخلاف باتیں کی جاتی ہیں، یہاں بھی ایک موقف ہونا چاہیے۔ صحافی برادی قوم کی تربیت کرنیوالی ہے، کشمیر وطن عزیز پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ انڈیا کے پروپیگنڈے کا پوری قوت سے توڑ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 602624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش