0
Monday 23 Jan 2017 16:07

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں چوہدری نثار رکاوٹ ہیں جنکے سامنے نواز شریف بے بس ہیں، خورشید شاہ

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں چوہدری نثار رکاوٹ ہیں جنکے سامنے نواز شریف بے بس ہیں، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ چوہدری نثار ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے وزیر داخلہ کے سامنے بے بس ہیں۔ سندھ کے ضلع سکھر میں کاشت کاروں کو آٹو رکشے کی تقسیم کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان میں وہ لوگ بھی موجود ہیں، جو پرویز مشرف دور میں بھی وزیر ہی تھے، ہمارے دور میں عوام کی خدمت کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان میں سب سے بڑی رکاوٹ وفاقی وزیر داخلہ ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف چوہدری نثار کے سامنے بے بس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہم پارلیمنٹیرین ہیں اور ہمارے لئے ہر لفظ اہمیت رکھتا ہے، پاناما لیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے اور اس میں ملک کے سربراہ کے خاندان کا نام آنا اہمیت کا حامل ہے، یہ کیس (ن) لیگ کے گلے پڑ گیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر امداد پتافی اور خاتون رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی کے معاملے اور معافی پر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اکثر ایسی باتیں ہو جاتی ہیں، ہر بات کے 2 مطلب ہوتے ہیں، اگر کسی کو بات سمجھ میں نہیں آتی، تو اسے چیمبر میں لے جاکر سمجھایا جاتا ہے، لیکن امداد پتافی کی بات کو جو مطلب نصرت سحر نے دیا، اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی بوتل ساتھ لے کر چلنا اور یہ مطالبہ کرنا کہ امداد پتافی مستعفیٰ ہو جائے، اس طرح سے سسٹم نہیں چل سکتا، یہ ایک غلط روایت ہے، تاہم کسی کی دل آزاری پر صوبائی وزیر نے معافی مانگ کر اچھی روایت قائم کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 602793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش