0
Monday 23 Jan 2017 19:56

نواز لیگ 2013ء کیطرح ایکبار پھر مذہبی انتہاپسندوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، سینیٹر تاج حیدر

نواز لیگ 2013ء کیطرح ایکبار پھر مذہبی انتہاپسندوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، سینیٹر تاج حیدر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سنیٹر تاج حیدر نے نواز حکومت کی جانب سے سندھ کے 94 مدارس کو فرسٹ شیڈول میں ڈالنے سے انکار پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ سندھ حکومت نے ان مدارس کے قابل اعتراض سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی ثبوت وفاقی حکومت کو فراہم کئے، لیکن وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی گزارشات کو ماننے سے یکسر انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مدارس کے حوالے سے مستند گزارشات کا رد کیا جانا اس جانب ایک اور ٹھوس ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت ہر حال میں نیشنل ایکشن پلان کو ملیا میٹ کرنا چاہتی ہے، جسے ملک کی تمام معتبر سیاسی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

تاج حیدر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کا وہ بیان انتہائی قابل مذمت ہے، جو انھوں نے سینیٹ میں دیا تھا کہ انھوں نے آرمی پبلک اسکول، واہگہ بارڈر، بنۤوں جیل اور کراچی ائیرپورٹ پر حملوں کا علم تھا، لیکن کارروائی اس لئے نہیں کی گئی کہ وہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی، اب جبکہ سندھ حکومت نے متنازعہ مدارس کے حوالے سے بمع تمام تر ثبوت وفاقی حکومت کو پیش کر دیئے ہیں، تو ماضی کی طرح ایک بار پھر وفاقی وزیر داخلہ ایک بار بھر مذہبی انتہاپسندوں کی حمایت پر کمربستہ ہیں، نیشنل سیکیورٹی پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر وفاق کی جانب سے اعتراض کے پیچھے جو عوامل کارفرما ہیں، وہ اب کھل کر سامنے آچکے ہیں، اب یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ نواز لیگ 2013ء کی طرح ایک بار پھر مذہبی انتہاپسندوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، جس کے عوض انتہاپسندوں نے پروگریسو اور لبرل جماعتوں کو آزادی کیساتھ الیکشن مہم نہیں چلانے دی تھی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی طالع آزمائی کے نتائج سنگین برآمد ہونگے، مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی قربانیوں کو اس طرح ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، قوم اب ملک سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متفق اور پُرعزم ہے، پیپلز پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت اس مسئلے پر غیر متزلزل مؤقف اپنائے ہوئے ہیں، وزیرعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نواز لیگ بھی انتہاپسندی اور دہشتگردی پر یکساں مؤقف اپنائے، نیشنل سیکیورٹی پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل میں مزید کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 602889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش