QR CodeQR Code

ایم کیو ایم لندن نے محکمہ داخلہ سندھ کا میئر کراچی کو خطرے سے متعلق خط سازش قرار دیدیا

24 Jan 2017 13:40

اپنے بیان میں متحدہ لندن کے رہنما ندیم نصرت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سازشوں کے تانے بانے بن رہی ہے، سازشی عناصر متحدہ کی قیادت پر الزامات لگاتے ہیں، میئر کراچی متعدد بار سیکیورٹی کیلئے درخواست کر چکے ہیں، لیکن سندھ حکومت مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کر رہی۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ لندن نے میئر کراچی وسیم اختر کی جان کو خطرات سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کے خط کو سازش قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سازشوں کے تانے بانے بن رہی ہے، سازشی عناصر ایم کیو ایم کی قیادت پر الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی متعدد بار سیکیورٹی کیلئے درخواست کر چکے ہیں، لیکن سندھ حکومت مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کر رہی، جبکہ وسیم اختر کا نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے۔ ندیم نصرت نے میئر کراچی اور دیگر افراد کو مکمل سیکیورٹی دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور حساس اداروں کو خط میں میئر کراچی کی جان کو شدید خطرات سے متعلق آگاہ کیا تھا، خط میں کہا گیا ہے کہ وسیم اختر پر دہشتگرد حملے کا خدشہ ہے، بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی ہدایت پر ساؤتھ افریقہ گروپ حملہ کر سکتا ہے، وسیم اختر کو شدید سیکیورٹی خدشات ہیں، اس لئے ان کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ خط میں خدشات کے پیش نظر میئر کراچی وسیم اختر کو سرگرمیاں محدود کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 603072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/603072/ایم-کیو-لندن-نے-محکمہ-داخلہ-سندھ-کا-میئر-کراچی-کو-خطرے-سے-متعلق-خط-سازش-قرار-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org