0
Tuesday 24 Jan 2017 21:39

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے، فردوس شمیم نقوی

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ بلامنصوبہ بندی ترقیاتی کاموں نے کراچی کے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، جگہ جگہ کھدائی، دیوہیکل مشینری اور تجاوزات کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے، بے ہنگم ٹریفک متعلقہ ٹریفک پولیس کے قابو سے بھی باہر ہو چکا ہے، سٹی وارڈنز بھی کہیں نظر نہیں آتے۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع وسطی کے دورے کے موقع پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ضلع وسطی کے صدر سید ثاقب علی، شیراز احمد ناگانی، سٹی کونسلر زرقہ ناز، عزیر احمد صدیقی اور دیگر رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کے مسائل بہت زیادہ ہیں صرف بلدیاتی نمائندے اسے حل نہیں کر سکتے، اس شہر کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ سندھ حکومت کو بھی خصوصی اقدامات کی اشد ضرورت ہے، تحریک انصاف وفاقی حکومت سمیت صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی پاکستانی کی ترقی کی چابی ہے، لیکن بدقسمتی سے حکمران کرپشن اور اقرباء پروری میں مصروف ہیں، انہیں اس شہر کے مسائل حل کرنے کی فرصت نہیں ہے، پورا شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، سیوریج کا پانی گلی محلوں میں بہہ رہا ہے، شہر کی اکثریتی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، حکمرانوں سمیت افسر شاہی صرف زبانی جمع خرچ پر عوام کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں، اگر حکمرانوں نے کراچی شہر کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان نہیں کیا تو تحریک انصاف حکمرانوں سمیت افسر شاہی کے خلاف بہت جلد عوامی احتجاج شروع کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 603231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش