0
Tuesday 24 Jan 2017 20:11
شام کا بحران فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا

شام کے حوالے سے آستانہ امن مذاکرات اختتام پذیر

آئندہ مذاکرات 8 فروری کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں دوبارہ شروع ہونگے
شام کے حوالے سے آستانہ امن مذاکرات اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شام سے متعلق آستانہ مذاکرات میں شریک فریقین نے شام کی ارضی سالمیت کی حمایت اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شام سے متعلق امن مذاکرات کے اختتامی بیان میں جسے منگل کی شام قزاقستان کے وزیر خارجہ نے پڑھ کر سنایا، کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات شامی حکومت اور مخالفین کے درمیان براہ راست مذاکرات کا پیش خیمہ ہوں گے اور آستانہ مذاکرات آئندہ جنیوا اجلاس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سبھی فریق دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش اور جبہۃ النصرہ یا فتح الشام کے خلاف جنگ پر زور دیتے ہیں۔ آستانہ مذاکرات کے اختتامی بیان میں کہا گیا ہے کہ شام سے متعلق آئندہ مذاکرات بین الاقوامی قراردادوں کی بنیاد پر جلد سے جلد شروع ہونے چاہئیں اور جنیوا مذاکرات میں شامی حکومت کے مخالف مسلح گروہ بھی شریک ہوں گے۔ بیان میں شام کی ارضی سالمیت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد تیئیس چھتیس کے مطابق شامی حکومت اور مخالفین کے مابین سیاسی مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شام کا بحران فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں جنگ و خونریزی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس چون کے مطابق ختم اور جنگ زدہ عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کا راستہ کھول دیا جانا چاہئے۔ بیان میں پورے شام میں جنگ بندی اور جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی ایک کمیٹی کی تشکیل پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ بیان میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق ان علاقوں پر نہیں ہوگا جہاں داعش اور جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کا کنٹرول ہے۔ آستانہ مذاکرات کے اختتامی بیان میں شام میں اقتدار کی منتقلی کے مقصد سے ایک میکانیزم تک پہنچنے پر بھی اتفاق رائے کا ذکر کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شام سے متعلق سیاسی مذاکرات آئندہ آٹھ فروری کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ واضح رہے کہ شام کے بحران کے حل کے لئے آستانہ مذاکرات ایران، روس اور ترکی کی کوششوں سے پیر کو شروع ہوئے تھے، جو منگل کی شام کو اختتام پذیر ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 603245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش