QR CodeQR Code

بحرین میں سعودی جارحیت بند نہ ہوئی تو سعودی سفارتخانوں کا گھیراؤ کیا جائے گا، علامہ عباس کمیلی

18 Mar 2011 23:26

اسلام ٹائمز:جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ نے بحرین میں سعودی افواج کے مظالم کو فلسطین میں ڈھائے جانیوالے صہیونی مظالم سے تشبیہ دی اور کہا کہ سعودی حکمران دراصل امریکی اور اسرائیلی آلہ کار ہیں اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات کرنے میں صہیونیوں سے بھی دو قدم آگے ہیں


کراچی:اسلام ٹائمز۔ مشکل کی اس گھڑی میں ملت پاکستان بحرینی عوام کے ساتھ ہیں، بحرین میں انقلابی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، مصر، لیبیا، تیونس، یمن کے بعد اب عرب خلیجی ممالک کی جانب سے بحرینی انقلابی تحریک کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پرامن مظاہرین کے قتل عام کے لئے بھیجی جانے والی خلیجی افواج کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سعودی جارحیت بند نہ ہوئی تو سعودی سفارتخانوں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ عرب لیگ، اقوام متحدہ، خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب کے غاصب حکمرانوں کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرے۔ دو پاکستانیوں کے قاتل امریکی سی آئی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں سعودی کردار پاکستانیوں سے دشمنی کی بہترین مثال ہے، مسلم امہ سعودی خیانت کاریاں معاف نہیں کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، مولانا حسین مسعودی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ جعفر رضا اور دیگر نے خوجہ مسجد کھارادر کے باہر ’’یوم دفاع بحرین‘‘کی مناسبت سے بحرین میں جاری فوجی مداخلت اور سعودی افواج کی جا رحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جعفریہ الائنس کے دیگر رہنماؤں میں سلمان مجتبیٰ، شبر رضا، علی احمر اور صابر کربلائی بھی موجود تھے۔ مظاہرین نے بحرین میں سعودی افواج کے مظالم کو فلسطین میں ڈھائے جانیوالے صہیونی مظالم سے تشبیہ دی اور کہا کہ سعودی حکمران در اصل امریکی اور اسرائیلی آلہ کار ہیں اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات کرنے میں صہیونیوں سے بھی دو قدم آگے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بحرین میں پرامن مظاہرین پر خلیجی افواج کے بھاری گولہ بارودی حملے صرف بحرینی مسلمانوں پر نہیں بلکہ مسلم امہ کے دل پر حملے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا امریکی غلامی میں مصروف عمل ہیں، لیکن وہ یہ بات جان لیں کہ مسلم امہ ان کی خیانت کاریوں کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی، انکا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں بیداری کی لہر سے جہاں عالمی استعماری قوتیں خوفزدہ ہیں، وہاں سعودی حکومت بھی اسلامی انقلاب سے خوفزدہ ہو کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، بحرین میں شیعہ اور سنی عوام متحد ہیں اور غاصب حکمرانوں کے خلاف جدوجہد میں مصروف عمل ہیں، تاہم ایسے حالات میں عرب ریاستوں اور بالخصوص سعودی افواج کی جارحیت انتہائی گھناؤنا جرم ہے، رہنماؤں نے بحرین کے عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں جاری انقلابی اور عوامی بیداری کی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی چند امریکی نواز عناصر پاکستانیوں کی بحرینی سیکورٹی گارڈز میں بھرتی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد بحرین میں مسلمانوں کا قتل عام کرنا ہے، حکومت کو چاہئیے کہ ایسے ملک دشمن و امت کے دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے، پاکستانی مسلمانوں کے دل مسلم امہ کے ساتھ ہیں اور پاکستا ن کے غیور اور بہادر عوام کسی بھی صورت اپنے مسلمان بھائیوں کے خون سے ہاتھوں کو رنگین نہیں کریں گے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جو ادارے اس قسم کی گھناؤنی سازشوں میں ملوث ہیں انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر بحرین میں سعودی جارحیت نہ روکی گئی تو ملک بھر میں سعودی اور بحرینی سفارتخانوں کا گھراؤ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 60330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/60330/بحرین-میں-سعودی-جارحیت-بند-نہ-ہوئی-سفارتخانوں-کا-گھیراؤ-کیا-جائے-گا-علامہ-عباس-کمیلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org