0
Tuesday 2 Jun 2009 11:32

ایران نے سرحد بند نہیں کی،زاہدان واقعے کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں: شاہ محمود

پاک ایران سرحد مشترکہ گشت کا فیصلہ
ایران نے سرحد بند نہیں کی،زاہدان واقعے کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں: شاہ محمود
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان،ایران سرحد کو بند کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس بے بنیاد اور تشخص مسخ کرنے کی سازش ہے،دونوں ممالک کے درمیان سرحد بند نہیں ہوئی، پیر کے روز متاثرین مالاکنڈ کے لئے ایران سے امدادی سامان لے کر 5 ٹرک پاکستان آئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے زاہدان کی مسجد میں دہشتگردی کے واقعہ میں 20شہریوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے دہشتگردی و انتہا پسندی سے مؤثر انداز سے نمٹنے کا عزم کر رکھا ہے، دہشتگردی مشترکہ دشمن ہے سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔ پیر کی شام دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ایرانی حکومت اور عوام کے نام تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ظالمانہ نوعیت کی کارروائی انتہائی بزدلانہ فعل ہے، دونوں ممالک کے مابین انتہائی برادرانہ و دوستانہ تعلقات موجود ہیں جن میں گذشتہ ایک برس کے دوران مزید وسعت آئی ہے، زاہدان میں مسجد پر دہشتگرد حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاک ایران سکیورٹی و سفارتی حکام مسلسل رابطے میں ہیں اور تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور پاکستانی عوام کی مدد سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ پیر کو اقوام متحدہ کے اداروں کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے عسکریت
پسندوں کا صفایا ہوتے ہی نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اور دوبارہ آباد کاری کیلئے مکمل معاونت کریں گے۔ اس موقع پر عالمی اداروں کے نمائندوں نے بتایا کہ بان کی مون نے 543 ملین ڈالرز کی اپیل کی تھی جس پر 88 ملین ڈالر وصول اور استعمال ہو چکے ہیں۔
پاک ایران سرحد مشترکہ گشت کا فیصلہ
اسلام آباد(صالح ظافر)ایران کی درخواست پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان نے جنداللہ کے 8مطلوب ارکان تہران کے حوالے کر دیئے تھے اور اب تہران کی جانب سے جنداللہ کے چیف عبدالمالک ریگی کو گرفتار کر کے حوالگی کی درخواست کی گئی ہے ۔حکومت نے متعلقہ ایجنسیوں کو اسے گرفتار کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی فروسز کی جانب سے سرحد پر مشترکہ گشت کیا جائے تاکہ شر پسند عناصر کی نقل و حرکت روکی جا سکے۔قابل اعتماد ذرائع نے ”جنگ “ کو بتایا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے پاکستان سے ملحقہ صوبے زاہدان کی سرحد بند کرنے کے حوالے سے کسی فیصلے کے حوالے سے آگا ہ نہیں کیا ہے۔ایران میں پاکستانی سفیر کو ایرانی دفتر خارجہ میں بلا کر جنداللہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔سفیر محمد بخش عباسی نے ایرانی حکومت کو ایران کے لئے مسائل پیدا کرنے والے عناصر کی گرفتاری کے لئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط خان نے ایران کی پاکستان سے ملحقہ سرحد کو بند کرنے کے فیصلے کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 6035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش