0
Tuesday 24 Jan 2017 13:57

عراق کے شمالی شہر موصل کے مشرقی علاقے کی آزادی کا سرکاری اعلان

عراق کے شمالی شہر موصل کے مشرقی علاقے کی آزادی کا سرکاری اعلان
اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے سرکاری طور پر دہشتگرد گروہ داعش کے قبضے سے مشرقی موصل کی آزادی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے سکائی نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ منگل کے روز عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے شمالی شہر موصل کا مشرقی حصہ مکمل طور پر دہشتگرد گروہ داعش کے ناجائز قبضے سے آزاد ہوگیا ہے۔ ادھر عراقی وزارت دفاع نے بھی سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ موصل کا مشرقی حصہ مکمل طور پر دہشتگرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ عراقی وزارت دفاع کے بیانیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے صرف عراقی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حیدرالعبادی کی جانب سے سرکاری طور پر اس کا اعلان ہونا باقی ہے۔ ادھر عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف شمالی تکریت اور اس شہر کو صوبہ نینوا کے مرکزی شہر موصل سے متصل کرنے والی سڑک پر ایک جدید آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق عراقی افواج نے شمالی شہر موصل کا مشرقی علاقہ مکمل طور پر دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج نے متعدد کارروائیاں انجام دے کر موصل کے مشرقی علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں بڑی تعداد میں دہشت گرد عناصر ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ عراقی افواج ایک ایسے وقت داعش کے خلاف کامیاب کارروائیاں انجام دے رہی ہیں، جب عراقی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج نے موصل کے مزید کئی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ عراقی افواج اس وقت آزاد شدہ علاقوں میں اپنے مورچے مستحکم کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 603510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش