0
Wednesday 25 Jan 2017 19:07
مشترکہ دشمنوں اور خطرات کے پیش نظر مستقبل پر توجہ رکھنا بہت ضروری ہے، جواد ظریف

ایران اور کویت کیجانب سے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر تاکید

علاقے کے ممالک اپنے درمیان اختلافات اور غلط فہمیوں پر کھل کر بات اور انکا ازالہ کریں، کویتی وزیر خارجہ
ایران اور کویت کیجانب سے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر تاکید
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران اور کویت کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کی توسیع کو تہران اور کویت کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سے قرار دیا ہے۔ کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے بدھ کو تہران میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے معاملات اور علاقے کے اہم مسائل پر بات چیت کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں پڑوسی ممالک کو ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت، اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اچھا اور اہم پڑوسی ملک  ہے اور علاقے کے ممالک کے اچھے ہمسائیگی کے اصول کی تقویت میں امیر کویت کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے علاقے میں پائی جانے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ دشمنوں اور خطرات کے پیش نظر مستقبل پر توجہ رکھنا بہت ضروری ہے۔ کویت کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں علاقے اور دنیا میں ایران کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور علاقے کے ممالک کے درمیان بے شمار تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات پائے جاتے ہیں، علاقے کے سبھی ممالک کو چاہئے کہ وہ بات چیت اور بہتر تعلقات کے ذریعے اچھے مستقبل کی جانب قدم بڑھائیں۔ کویت کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کو علاقے کے سبھی ملکوں کے لئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے ممالک اپنے درمیان اختلافات اور غلط فہمیوں پر کھل کر بات اور ان کا ازالہ کریں۔ کویت کے وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام امیر کویت کا ایک پیغام لے کر بدھ کو تہران آئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 603517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش