QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارش اور برفباری جاری، لینڈ سلائیڈنگ سے تمام رابطہ سڑکیں بند

27 Jan 2017 22:09

لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ استور، شاہراہ قراقرم، شاہراہ اسکردو اور استور کی تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ تیز بارش اور برف باری کے باعث جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، وہیں خطے کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے، جبکہ لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ استور، شاہراہ قراقرم، شاہراہ اسکردو اور استور کی تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں پی ڈبلیو ڈی حکام کا کہنا ہے کہ لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ استور 2 مقامات پر بلاک ہو گئی ہے، بارش رک جانے کی صورت میں متاثرہ روڈ پر کام شروع کیا جائے گا۔ ایک دو روز تک شاہراہ قراقرم بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بحال کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت ضلع استور کے بالائی علاقے پرشینگ، گدئی، داس خرم، دیوسائی، رٹو، میر ملک، قمری اور منی مرگ میں تقریباً3  فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔ اس وقت ضلع استور کا درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جی بی کے تمام علاقوں میں مزید 2 روز تک بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 604031

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/604031/گلگت-بلتستان-کے-تمام-اضلاع-میں-بارش-اور-برفباری-جاری-لینڈ-سلائیڈنگ-سے-رابطہ-سڑکیں-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org