QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید ضمانت پر رہا

27 Jan 2017 22:49

انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان مخالف نعروں کے کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کو ضمانعت پر رہا کرنیکا حکم دیدیا، کنور نوید نے 2 مقدمات میں 20، 20 لاکھ اور 3 مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے، جسکے بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان مخالف نعروں کے کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان مخالف نعروں کے کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنور نوید جمیل کی زر ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم کے بعد کنور نوید جمیل نے 22 اگست کے 2 مقدمات میں 20، 20 لاکھ اور 3 مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے، جس کے بعد کنور نوید کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ دوسری جانب کنور نوید کی رہائی کے بعد کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کارکنان پر تمام مقدمات و الزامات جھوٹے ہیں، کارکنوں پر ایسی دفعہ لگائی جاتی ہے کہ مقدمہ خصوصی عدالت میں چلا جاتا ہے، جبکہ سینکڑوں کارکنوں کی ضمانت کیلئے کیش رقوم فراہم کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا، لیکن امید ہے ہمارے تمام بے گناہ کارکنان جلد رہا ہونگے۔ واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے باہر 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ کے احتجاجی دھرنے میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے، جس کے بعد کنور نوید جمیل سمیت ایم کیو ایم کے کئی رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 604043

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/604043/ایم-کیو-کے-رہنما-کنور-نوید-ضمانت-پر-رہا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org