QR CodeQR Code

حکمرانوں کی غلامی کی وجہ سے عافیہ جیل میں ہے اور ڈیوس رہا ہو گیا، پروفیسر غفور احمد

19 Mar 2011 14:52

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈیوس کی رہائی کے جرم میں وفاق، پنجاب اور ملٹری تینوں شامل ہیں اور یہ سب امریکی آلہ کار ہیں، اسلامی انقلاب ہی ہمارا مستقبل ہے


کراچی:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد ملک ہے، اس کے شہری آزاد ہیں مگر افسوس کہ حکمران غلامانہ ذہنیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسی وجہ سے عافیہ جیل میں ہے اور ریمنڈ ڈیوس رہا ہو گیا، یہ بات پوری قوم کیلئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ قوم جاگ رہی ہے، حکمرانوں کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا اور پاکستان ویسا ہی ملک بنے گا جس کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانی دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد بیت المکرم گلشن اقبال کے باہر امریکی قاتل ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی اسامہ رضی، امیر زون گلشن اقبال عزیزالدین ظفر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جس پر حکمرانوں کی بے غیرتی اور پوری قوم کو رسوا کرنے کے خلاف نعرے تحریر تھے۔ شرکاء نے اللہ کی کبریائی، اسلامی انقلاب، امریکا کا جو یار ہے غدار ہے، خون رنگ لائے گا انقلاب آئیگا، کے پرجوش نعرے لگائے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسامہ رضی نے کہا کہ حکمرانوں نے پوری قوم کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے بے گناہ پاکستانیوں کے قاتل کو خفیہ معاہدے کے ذریعے امریکا کے حوالے کر دیا جب کہ پوری قوم سڑکوں پر تھی اور اسے پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ حکمرانوں کی بے غیرتی پر آج پوری قوم حکمرانوں پر لعنت بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پورے ملک میں سرائیت کر چکا ہے، عدالتوں پر، حکومتوں اور دیگر اداروں پر اس کا حکم مسلط ہے، ہماری پارلیمنٹ بھی اس کے حکم پر خاموش ہو جاتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ڈیوس کی رہائی کے جرم میں وفاق، پنجاب اور ملٹری تینوں شامل ہیں اور یہ سب امریکی آلہ کار ہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کو امریکا کے حوالے کرنے کا مطلب امریکی چھوکھٹ پر سجدہ کرنا ہے۔ مشرف کی طرح موجودہ حکومت نے بھی قومی غیرت کا سودا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر بیٹھے غلامی سے نجات نہیں ملے گی، عوام کے اندر انقلاب انگڑائی لے رہا ہے اور اسلامی انقلاب ہی ہمارا مستقبل ہے۔ عزیز الدین ظفر نے کہا کہ ریمنڈ کی رہائی نے پوری پاکستانی قوم کو رسوا کر دیا ہے، قوم متحد ہے اور پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی۔


خبر کا کوڈ: 60414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/60414/حکمرانوں-کی-غلامی-وجہ-سے-عافیہ-جیل-میں-ہے-اور-ڈیوس-رہا-ہو-گیا-پروفیسر-غفور-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org