0
Saturday 28 Jan 2017 21:58

سعودی عرب نے ثابت کیا ہے کہ وہ امریکہ کا ایک نمبر کا ایجنٹ ہے، عبدالملک الحوثی

سعودی عرب نے ثابت کیا ہے کہ وہ امریکہ کا ایک نمبر کا ایجنٹ ہے، عبدالملک الحوثی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے جمعہ کے روز اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ کرکے ثابت کیا کہ وہ امریکہ کا اعلٰی درجے کا آلہ کار ہے۔ المسیرہ ٹی وی چینل کے مطابق، انصاراللہ کے سربراہ نے یمن پر سعودی عرب کے جارحانہ حملے کے بارے کہا ہے کہ سابق سعودی بادشاہ عبداللہ کی وفات کے بعد جو نئی سعودی حکومت برسر اقتدار آئی ہے، یہ یمن پر حملہ کرنے کیلئے خصوصی طور پر مائل تھی، ساتھ ہی ہمارے دشمن امریکہ نے اس کو لالچ دیا اور کہا کہ یہ مناسب موقع ہے کہ ثابت کرو کہ تم حقیقی طور پر ہمارے ایجنٹ اور اس خطے کے آلودہ ترین خائن ہو۔ عبدالملک الحوثی کے مطابق امریکہ نے سعودی حکومت کو یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ یمن پر حملے کی صورت میں امریکہ اس رژیم کی بھرپور سیاسی حمایت کے ساتھ ساتھ براہ راست اس جنگ پر نظارت بھی رکھے گا۔ انصاراللہ کے سربراہ کے مطابق اسی لئے موجودہ سعودی حکومت کو یہ یقین حاصل ہوچکا ہے کہ جنگ یمن مین ناکامی کی صورت میں یہ حکومت ہر طرح کی امریکی مدد اور حمایت سے محروم ہو جائے گی۔ عبدالملک الحوثی کا مزید کہنا تھا کہ جنگ یمن میں سعودی شکست کے باعث امریکہ آئندہ اس حکومت کی حمایت کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے گا۔

اپنی تقریر کے ایک حصے میں امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے پر تبصرہ کرتے ہوئے یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نئے امریکی صدر کے آنے سے امریکہ میں نئی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں امریکہ کے شیطانی کردار کو بڑھانے کے لئے نئی روش سے استفادہ کیا جائے گا۔ یمن پر سعودی جارحانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے انصار اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یمن کے بیگناہ عوام کو نشانہ بنانے کے لئے سعودی عرب نے ہر وسیلہ سے استفادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جارح سعودی حکمران پرامید تھے کہ اپنے فوجی ساز و سامان اور میڈیا کی طاقت کے ذریعے یمنیوں کے حوصلے پست اور انہیں شکست دے دینگے، لیکن ان تمام حربوں کے باوجود یمنی عوام نے ان جارحانہ حملوں کے خلاف مقاومت سے بھی بڑھ کر استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، حتٰی کہ یمنی عوام نے اپنے صبر و حوصلہ کی بدولت جارح حملہ آوروں کو وقت سے پہلے ہی ایک تاریخی شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ جنگ یمن کے مستقبل کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انصاراللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خداوند متعال کی مدد اور یمنی عوام کی مقاومت و ہم آہنگی کی بدولت ہم اس مشکل مرحلے کو بھی عبور کر لیں گے۔ عبدالملک الحوثی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ شرائط میں واحد راستہ جارح دشمن کے مقابلے میں مقاومت اور استقامت ہے۔
خبر کا کوڈ : 604242
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش