QR CodeQR Code

امریکی صدر کی مسلمان مخالف ویزہ پالیسی کیخلاف دنیا بھر سے ردعمل سامنے آ رہا ہے

ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمان مخالف ویزہ پالیسی اسلامی دنیا کیلئے توہین آمیز ہے، ایران کا ردعمل

مسلمان ممالک کے شہریوں پر پابندی کا فیصلہ بُزدلانہ اور خطرناک اقدام ہے، نیویارک ٹائمز

29 Jan 2017 08:19

اسلامی جمہوری ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کے پابندی کے فیصلے کو شرمناک قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کیمطابق امریکہ داخلے پر پابندی اسلامی دنیا اور خصوصاً ایرانیوں کیلئے توہین آمیز ہے، جواب میں تہران بھی امریکی شہریوں پر پابندی لگائے گا۔ ادھر امریکی میڈیا نے بھی صدر ٹرمپ کے فیصلے پر تنقید شروع ہوگئی ہے۔ اخبار نیویارک ٹائمز نے مسلمان ممالک کے شہریوں پر پابندی کے فیصلے کو بُزدلانہ اور خطرناک اقدام کہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمان مخالف ویزہ پالیسی کے خلاف دنیا بھر سے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے پابندی کی صورت میں مداخلت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر ایران نے ان کے اقدامات کو توہین آمیز قرار دے کر جواب میں امریکی شہریوں پر بھی ملک میں داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے خبردار کیا ہے امریکہ کے ان اقدامات سے خطرناک معاشی اور سیاسی نتائج نکل سکتے ہیں۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے تارکین وطن کو پناہ دینے کا اعلان کر دیا۔ امریکی اخبار نے ٹرمپ کے فیصلے کو بزدلانہ اور خطرناک کہا ہے۔ سات اسلامی ملکوں کے شہریوں پر امریکہ میں پابندی پر داخلے سے دنیا کے مختلف ملکوں سے ردعمل آ رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے کہا ہے انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی سے شدید اختلاف ہے۔ ڈاؤننگ سٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ تارکین وطن پر پابندی کی حمایت نہیں کرتا۔

دوسری جانب ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کے پابندی کے فیصلے کو شرمناک قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ داخلے پر پابندی اسلامی دنیا اور خصوصاً ایرانیوں کیلئے توہین آمیز ہے، جواب میں تہران بھی امریکی شہریوں پر پابندی لگائے گا۔ ادھر فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے امریکی صدر سے تارکین وطن کو قبول کرنے کے اصولوں کے احترام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کو فیصلے کے خطرناک معاشی اور سیاسی نتائج سے بھی خبردار کیا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے تارکین وطن کو پناہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ پر رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر مساوی سلوک کرنے پر زور دیا ہے۔ ادھر امریکی میڈیا نے بھی صدر ٹرمپ کے فیصلے پر تنقید شروع ہو گئی ہے۔ اخبار نیویارک ٹائمز نے مسلمان ممالک کے شہریوں پر پابندی کے فیصلے کو بُزدلانہ اور خطرناک اقدام کہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران نے امریکہ کو کرار جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور دیگر 6 مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد تہران بھی امریکی شہریوں پر پابندی عائد کرے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا، جسے سرکاری ٹی وی نے نشر کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کو ویسا ہی جواب دے گا، جیسا کہ امریکہ نے ایرانی شہریوں کے حوالے سے ہتک آمیز فیصلہ کرکے کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک امریکہ پابندی نہیں اٹھاتا، امریکی شہریوں کے بھی ایران میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو غیر قانونی، غیر منطقی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے ایرانی سفارتی مشنز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ ان ایرانی شہریوں کی معاونت کریں، جنہیں امریکہ میں اپنے گھر، ملازمت یا تعلیم کے حصول کے لئے داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

ایران میں ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئرلائنز نے ٹرمپ کی جانب سے جاری ہونے والے حکمنامے کے بعد سے ہی امریکہ جانے والی پروازوں میں سے ایرانی شہریوں کو اتارنا شروع کر دیا ہے۔ قبل ازیں ہفتے کے روز قاہرہ سے نیویارک جانے والی مصر ایئر کی پرواز سے پانچ عراقی اور ایک یمنی شہری کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے امریکہ میں تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو معطل کرتے ہوئے 7 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکہ میں تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو 120 دن (یعنی 4 ماہ) کے لئے معطل کر دیا گیا۔ دوسری جانب 7 مسلمان ممالک ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کو 90 دن (یعنی 3 ماہ) تک امریکہ کے ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔ نئے آرڈر کے تحت شامی مہاجرین کے امریکہ میں داخلے پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی۔ قبل ازیں ٹرمپ کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور سعودی عرب سے آنے والی ویزا درخواستوں کی کڑی جانچ پڑتال کی جائے گی اور کڑی کا مطلب بہت سخت ہوگا، اگر ہمیں ذرا بھی شک ہوا تو ان افراد کو امریکہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 604479

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/604479/ڈونلڈ-ٹرمپ-کی-مسلمان-مخالف-ویزہ-پالیسی-اسلامی-دنیا-کیلئے-توہین-آمیز-ہے-ایران-کا-ردعمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org