0
Monday 30 Jan 2017 22:59

دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد جماعۃ الدعوۃ کیخلاف ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، چوہدری نثار علی

دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد جماعۃ الدعوۃ کیخلاف ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، چوہدری نثار علی
اسلام ٹائمز۔ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم جماعۃ الدعوۃ کے خلاف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے پاکستان میں جماعۃ الدعوۃ پر پابندی کے حوالے سے زیرِ گردش خبروں کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کل (منگل) تک تمام صورتحال واضح ہوجائے گی۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ یہ جماعت سنہ 2010/11 سے زیرِ نگرانی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں بھی لسٹڈ‌ ہے، لسٹنگ کے بعد کسی بھی ریاست کو کچھ اقدام کرنا ہوتے ہیں اور وہ نہیں ہو پائے تھے تاہم اب کچھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں بھارتی شہر ممبئی میں ہونے والے حملوں کے بعد جماعۃ الدعوۃ پر پابندیاں لگائی تھیں اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ بھارت اور امریکہ کے مطابق جماعۃ الدعوۃ ان حملوں کی ذمہ دار تھی جس میں 174 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی حکام کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کے انعام کی پیش کش بھی کی جا چکی ہے۔ اس کے بعد سنہ 2014ء میں امریکہ نے بھی جماعۃ الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے مالیاتی پابندیاں عائد کی تھیں۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے جنوری 2015ء میں اعلان کیا تھا کہ جماعۃ الدعوۃ سمیت ان تمام دہشت گرد تنظیموں کے اثاثوں کو منجمد کیا جا چکا ہے جن پر اقوامِ متحدہ نے پابندی لگائی ہوئی ہے۔ اس وقت جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی دباؤ پر بھارت کو خوش کرنے کے لیے جماعت الدعوۃ کے خلاف ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 605032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش