QR CodeQR Code

کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں، محمود عباس

مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا، نواز شریف

31 Jan 2017 14:40

وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کیبعد فلسطینی صدر اور وزیراعظم پاکستان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ فلسطینی صدر سے ملاقات بہت مفید رہی، 1969ء کی فلسطینی سرحدوں کو بحال کیا جانا چاہیے، عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین سے اسرائیلی آبادی کے انخلا کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان فلسطین کی حمایت جا ری رکھے گا، ادھر فلسطینی صدر نے پاکستان کی مہمان نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مہمان نوازی کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کے بعد نواز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ فلسطینی صدر سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1969ء کی فلسطینی سرحدوں کو بحال کیا جانا چاہیے، عالمی برادری فلسطین کا مسئلہ حل کرنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات پر دلی خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت کرنے اور اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانہ تعمیر کرنے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیئے،  مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک بھارت مذاکرات کے حامی ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، فلسطینی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں اسقبالیہ تقریب بھی ہوئی۔ انہیں پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔


خبر کا کوڈ: 605208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/605208/مسئلہ-فلسطین-حل-کئے-بغیر-خطے-میں-امن-قائم-نہیں-کیا-جاسکتا-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org