0
Saturday 4 Feb 2017 00:29

نواز حکومت نے کراچی کے شہریوں کو فوج کشی اور ریاستی مظالم کے سوا کچھ نہیں دیا، ندیم نصرت

نواز حکومت نے کراچی کے شہریوں کو فوج کشی اور ریاستی مظالم کے سوا کچھ نہیں دیا، ندیم نصرت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو آپریشن، فوج کشی، ماورائے عدالت قتل اور ریاستی مظالم کے سوا کچھ نہیں دیا اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا ان مظالم پر فخر کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1992ء اور 1997ء کے اپنے ادوار میں کراچی میں فوجی آپریشن کرکے ہزاروں مہاجروں کو بے دردی سے شہید کیا، 2013ء میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی کو ایک نئے آپریشن کا تحفہ دیا ہے، جس میں اب تک ایم کیو ایم کے 70 کارکنان ماورائے عدالت قتل اور سو سے زائد لاپتہ ہیں۔

ندیم نصرت نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، ہزاروں مہاجروں کی جانیں لے کر بھی چوہدری نثار اور خواجہ سعد رفیق جیسے قصابوں کی خون کی پیاس نہیں بجھ رہی، نواز حکومت اپنی ماضی کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے کراچی کو اپنی کالونی اور یہاں کے شہریوں کو اپنا غلام تصور کرتی ہے۔ واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے ایک تقریر میں کہا تھا کہ کراچی کے قصاب کی بولتی بند کر دی، اب وہ بول نہیں سکتا، کراچی میں آج امن واپس لوٹ رہا ہے، جو ہماری بدولت ہے۔
خبر کا کوڈ : 606259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش