0
Saturday 4 Feb 2017 15:49

اقوام متحدہ نے افغانستان کے سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار پر پابندیاں ختم کردیں

اقوام متحدہ نے افغانستان کے سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار پر پابندیاں ختم کردیں
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ نے سابق افغان وزیراعظم اور عسکری رہنما گلبدین حکمت یار پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے افغان لیڈر گلبدین حکمت یار پر عائد پابندیاں اٹھالی ہیں اور ان پر سفری پابندیاں ختم کرکے ان کے منجمد اثاثوں کو بھی بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے سے متعلق کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عسکری رہنما حکمت یار پر اب اثاثوں کے انجماد، سفری پابندی اور اسلحے کی خرید فروخت کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔ حکمت یار پر سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد اب افغان حکومت اور حزب اسلامی میں امن مذاکرات اور روپوش عسکریت پسند رہنما کی افغان سیاست میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی کی حکومت نے گلبدین حکمت یار کی تنظیم حزب اسلامی کے ساتھ چند ماہ قبل ایک معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق تنظیم حزب اسلامی کو افغان حکومت کے خلاف جنگ بند کرنا ہوگی اور اس کے عوض حکومت حکمت یار اور ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے خارج کروائے گی اور انہیں افغانستان میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھی اجازت ہوگی۔ واضح رہے کہ گلبدین حکمت یار کا حزب اسلامی نامی گروپ گزشتہ 15 سال سے افغان حکومت اور غیر ملکی افواج سے برسرپیکار تھا، حکمت یار کو 2003ء میں القاعدہ سے تعلق کی بنیاد پر دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، امریکا نے بھی حکمت یار کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری سے متعلق معلومات کی فراہمی پر لاکھوں ڈالر کا انعام مقرر کر رکھا تھا، گلبدین حکمت یار کو جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 606414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش