0
Saturday 4 Feb 2017 21:47

مکمل اتحاد و ہم آہنگی ہی کشمیری بھائیوں کیلئے طاقت کا اہم وسیلہ ہے، اقبال ظفر جھگڑا

مکمل اتحاد و ہم آہنگی ہی کشمیری بھائیوں کیلئے طاقت کا اہم وسیلہ ہے، اقبال ظفر جھگڑا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے تمام ہم وطنوں سے بالعموم اور خیبر پختونخوا، فاٹا کی عوام سے بالخصوص اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے بھارتی تسلط سے جدوجہد آزادی کے عظیم مقصد کا حصول ممکن بنانے کے سلسلے میں اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں، تاکہ بھارتی قبضے سے نجات حاصل کرنے کے ان کے دیرینہ خواب کو عملی شکل دی جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ "5 فروری کشمیری بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہم بحیثیت قوم، عالمی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ اس دن اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کشمیری بھائی جو اپنے حق خود اختیاری کے حصول کیلئے گذشتہ 70 برس سے اس جدوجہد میں سرگرم عمل ہیں۔ بلاشبہ ہمارا حتمی مقصد کشمیری بھائیوں کو بھارتی غلامی سے نجات دلانا ہے اور اس سلسلے میں ان کی امنگوں کو عملی شکل دینے کیلئے عالمی سطح پر احساس اجاگر کرنا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں گورنر کے پی کے کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ یہ دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام میں تسلسل کے ساتھ بےچینی کی کیفیت کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کے بارے میں عالمی سطح پر احساس ذمہ داری پیدا ہو رہا ہے۔

اقبال ظفر جھگڑا نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے مضبوط حامی ہونے کے پیش نظر ہم نے بحیثیت قوم، قومی و بین الاقوامی سطح کے ہر فورم پر ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا مصمم عزم کیا ہوا ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے ہماری جانب سے اخلاقی مدد اس روز سے جاری ہے جب سے ہندو مہاراجہ نے اپنے بھارتی آقاؤں کی خواہش کی تابعداری میں کشمیری عوام کو ان کے حق خوداختیاری کے استعمال کے بنیادی حق سے محروم کر دیا تھا۔ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ نسبتاً زیادہ قریبی رابطے اور تعلق کے پیش نظر اس دن کو اور بھی زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ میں اس موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں سے بالعموم اور خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام سے بالخصوص اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیری عوام کے اس عظیم مقصد کے حصول کو ممکن بنانے کے سلسلے میں اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے رہیں، تاکہ بھارتی قبضے سے نجات حاصل کرنے کے انکے دیرینہ خواب کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم یہ احساس ہونا چاہیئے کہ قومی تاریخ کے اس نازک مرحلے میں ہماری اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و ہم آہنگی ہی کشمیری بھائیوں کیلئے طاقت کا اہم وسیلہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 606543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش