0
Saturday 4 Feb 2017 23:33

طاقت کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جا سکتا، ایاز صادق

طاقت کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جا سکتا، ایاز صادق
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے، طاقت کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جا سکتا، ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی کہتے ہیں کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی آواز ہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں اُن کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔ ایاز صادق نے جنوبی ایشاء اور مسئلہ کشمیر کے مستقبل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا۔

ایاز صادق نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ عالمی برادری بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مسلسل انکار اور مقبوضہ کشمیر میں جبر و تشدد، جعلی مقابلوں، جبری گمشدگیوں، عصمت دری اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گنوں کے بےدریغ استعمال کے واقعات کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے عالمی برادری پر کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور مقبوضہ وادی میں قتل و غارت گری کو بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر مرتضٰی جاوید عباسی نے بھی اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کی حق خوداردیت کے لیے جاری جدجہد کی ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی آوازہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں اُن کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 606571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب