0
Sunday 5 Feb 2017 14:11

مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان عوامی تحریک کا احتجاج

مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان عوامی تحریک کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام انڈیا کی کشمیر میں مداخلت، انسانی حقوق کی پامالی، ہندو سامراج کے کشمیر میں مظالم کے خلاف مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہر سال کی طرح امسال بھی مظلوم کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کیلئے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ صفدر قریشی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے اور کشمیر میں رہنے والوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں انہیں کوئی جدا نہیں کر سکتا، جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے کشمیری مسلمانوں کی ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیاں ہیں، لاکھوں کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، آزادی کا سورج انشاء اللہ طلوع ہوکر رہے گا۔

پی اے ٹی کراچی سندھ کے نائب صدر قیصر اقبال قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیر، برما، فلسطین، شام میں جاری مسلم نسل کشی کے خلاف امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ سید ظفر اقبال اور اطہر جاوید صدیقی نے کہا کہ انڈیا پاکستان کے معلامات میں مداخلت، سرحد کی خلاف ورزی سمیت اپنے جاسوس بھیج کر مسلسل پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کر رہا ہے اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے، مگر افسوس ہمارے ملک کے حکمران آنکھوں میں آنکھ ڈال کر منہ توڑ جواب دینے کے بجائے ان کی ثقافت کو فلموں اور ڈراموں صورت میں درآمد کرا رہے ہیں، پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت کشمیری مسلمانوں کے خون سے غداری ہے۔
خبر کا کوڈ : 606691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش