QR CodeQR Code

لاہور میں حکمران جماعت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکل آئی

کشمیر کی آزادی کیلئے پوری پاکستانی قوم متحد ہے، خواجہ سعد رفیق

5 Feb 2017 14:27

حکمران جماعت کی جانب سے لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے و دیگر لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی فوج ڈاکٹرز، اساتذہ کو شہید کر رہی ہے لیکن ان مظالم سے وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد سے نہیں روک سکتے، وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کشمیریوں کے حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں اور کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر اٹھائی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے الحمراء آرٹس کونسل سے پنجاب اسمبلی چیرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی۔ لیگی کارکنان "کشمیر بنے گا پاکستان" کے پُرجوش نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کی قیادت صدر مسلم لیگ (ن) لاہور پرویز ملک نے کی۔ چیرنگ کراس پہنچ کر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلی سے پُرجوش خطاب کیا۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم مسئلہ کشمیر پر متحد ہے اور بھارتی مظالم کی پُرزور مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے دانشورروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ غلط فہمی میں نہ رہیں اور جمہور کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق دلانے میں کردار ادا کریں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مودی پاکستان کا پانی بند کرنے کا سوچ رہا ہے لیکن اس کی انتہاپسندانہ پالیسیاں خود بھارت کیلئے ہی نقصان دہ ہیں۔

صدر مسلم لیگ(ن) لاہور پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج ڈاکٹرز، اساتذہ کو شہید کر رہی ہے لیکن ان مظالم سے وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔ لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور ایم پی اے ماجد ظہور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کشمیریوں کے حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد، لیگی رہنما ڈپٹی مئیر چودھری بلال، اعجاز حفیظ، مہر محمود، فرزانہ بٹ، سلمیٰ بٹ، رخسانہ کوکب، کنول لیاقت، بی بی وڈیری، غزالہ نصرت بیگ، نرگس متین، حمیدہ ذوالفقار، فرزانہ کاظم، سعدیہ تیمور، اکرام بٹ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ کشمیروں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ خواجہ سعد رفیق کی تقریر کے دوران متوالوں نے "مودی کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگوانے شروع کر دیئے، جس پر خواجہ سعد رفیق نے خطاب روک کر انہیں نعرے لگوانے سےمنع کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 606692

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/606692/کشمیر-کی-ا-زادی-کیلئے-پوری-پاکستانی-قوم-متحد-ہے-خواجہ-سعد-رفیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org