0
Monday 21 Mar 2011 01:09

بحرین میں قتل عام کرنے والی سعودی اور خلیجی افواج اسرائیل سے جنگ کیوں نہیں کرتیں، شیعہ علماء کونسل کراچی

بحرین میں قتل عام کرنے والی سعودی اور خلیجی افواج اسرائیل سے جنگ کیوں نہیں کرتیں، شیعہ علماء کونسل کراچی
کراچی:اسلام ٹائمز۔بحرین میں قتل عام کرنے والی سعودی اور خلیجی افواج اسرائیل سے جنگ کیوں نہیں کرتیں، امریکہ آج ایک مرتبہ پھر اسلامی ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، وہ دن دور نہیں کہ جب عالم اسلام میں پیدا ہونے والی یہ بیداری کی لہر امام مہدی (عج) کے عالمی انقلاب سے متصل ہوگی، ان خیالات کا اظہار مقررین نے شیعہ علماء کونسل کراچی کی جانب سے منعقدہ حمایت مسلمین مارچ سے کیا۔
 احتجاجی مارچ سے شیعہ علماء کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ ناظر تقوی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، ہیئت آئمہ مساجد کے صدر مولانا شیخ صلاح الدین ، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے علامہ علی کرار نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مارچ نمائش چورنگی سے شروع ہوکر تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوا،جس میں علمائے کرام کے علاوہ خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔
حمایت مسلمین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج دنیا کے سامنے سعودیہ عرب کا چہرہ واضح ہوچکا ہے، بحرین میں سعودی افواج کی جانب سے بے گناہ مظلوم مسلمانوں کا قتل ظالموں کی حمایت کے مترادف ہے، بحرین میں قتل عام کرنے والی سعودی اور خلیجی افواج اسرائیل سے جنگ کیوں نہیں کرتیں، آخر سعودیہ اور دیگر خلیجی ممالک کی فوجیں کیوں لیبیا میں جاکر استعماری فوجوں کا مقابلہ نہیں کرتیں، مقررین نے کہا کہ عالم اسلام کی بیداری کی یہ تحریک ایک عالمی تحریک ہے جو انشاء اللہ امام مہدی (عج) کے عالمی انقلاب سے متصل ہوگی،
مقررین نے کہا کہ امریکہ آج ایک مرتبہ پھر لیبیا پر حملہ کرکے وہاں کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، مقررین نے کہا کہ آج امریکہ دنیا بھر میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر انتشار پھیلا رہا ہے، قابل افسوس امر یہ ہے کہ اس سازش میں مسلم حکمران بھی امریکہ کا ساتھ دے کر ملت کو زخموں سے چور کرنے کے درپے ہیں، لیکن مسلمان بیدار ہے جس کی واضح مثال مصر، بحرین اور دیگر ممالک کے عوام کا مثالی اتحاد ہے، مقررین نے کہا کہ پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امریکی کاسہ لیسی کو فی الفور ترک کریں ورنہ پاکستان کو عوام اسلام آباد کو التحریر اسکوائر اور پرل اسکوائر بنانے میں دیر نہیں کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 60684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش