QR CodeQR Code

افغان مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے پالیسی کی منظوری، کابینہ اجلاس

7 Feb 2017 12:16

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے پالیسی سمیت عام انتخابات میں خواتین کے5 فیصد کوٹہ کی منظوری دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لیے پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں کابینہ نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے پالیسی سمیت عام انتخابات میں خواتین کے5 فیصد کوٹہ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تمام سیاسی جماعتیں 5 فیصد نشستوں پر خواتین کو ٹکٹ دینے کی پابند ہوں گی اور عام انتخابات میں ہر ایک کلومیٹر بعد پولنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک بھر میں 100 سے 500 بستروں تک کے اسپتالوں کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور آیا، وفاقی کابینہ نے غیرملکی کمرشل قرضوں، ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے لئے 38 کروڑ روپے سمیت ٹی ڈی اے پی اور ای پی بی بنگلا دیش کے مابین مفاہمتی یادداشت کی منظوری دینے پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں روس کے فوجیوں کو پاکستان میں تربیت کے معاہدے پر بات چیت سمیت پاکستان اور چین کے آڈٹ اداروں میں تعاون کی یادداشت کے علاوہ ایران، بیلارس، آذربائیجان، سینی گال اور کرغزستان سمیت فرانس کے ساتھ باہمی تعاون کے سمجھوتوں پر بھی منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کمیٹی برائے توانائی، ای سی سی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں اور اسٹیٹ بینک سمیت ایرانی بینک کے مابین ادائیگیوں کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔


خبر کا کوڈ: 607212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/607212/افغان-مہاجرین-کی-وطن-واپسی-کیلئے-پالیسی-منظوری-کابینہ-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org