0
Wednesday 8 Feb 2017 20:20

چینی اعلٰی سطحی وفد کی وزیراعلٰی جی بی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

چینی اعلٰی سطحی وفد کی وزیراعلٰی جی بی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ چین کے انسداد دہشت گردی ادارے کے کمشنر نے ایک اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سے ملاقات کی۔ جس میں سی پیک اور چین کی حکومت کی جانب سے جی بی میں شروع کئے جانے والے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چین کے مختلف اداروں کے سربراہان اور نمائندوں پر مشتمل ایک اعلٰی سطحی وفد نے کمشنر انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ چن گوپنگ (Cheng Guoping) کی سربراہی میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں طرف سے سی پیک پر ہونے والی پیش رفت کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور منصوبون کو شروع کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے۔ کسی بھی صورت چھوٹے بڑے تمام منصوبوں کو نظرانداز کئے بغیر انہیں اہمیت دی جائے گی۔ ملاقات میں طے پایا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے دونوں ملکوں کی سیکورٹی فورسز کے مابین رابطوں اور باہمی تبادلوں کو خاص اہمیت دی جائے گی، جس کے لئے مربوط واضح اور ٹھوس پالیسی اپنائی جائے گی۔

ملاقات میں طے پایا کہ سی پیک منصوبوں کے علاوہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور گلگت بلتستان و چینی حکومت ایسے اقدامات کرے گی کہ دونوں ملکوں کے سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی رسائی کو آسان اور سہل بنایا جائے گا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جی بی کو توانائی بحران سے نکالنے کے لئے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ جس کے لئے دونوں طرف سے تیزی سے معاملات کو نمٹائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے اس موقع پر خصوصی زور دے کر کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کے پسماندہ صوبوں کی تقدیر بدلنی چاہیے تاکہ گزشتہ ادوار میں نظرانداز ہونے والے علاقے اور عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ سی پیک جی بی کے لئے امید کی کرن ہے اور معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ ہم اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 607442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش