QR CodeQR Code

کراچی، مطالبات منوانے کیلئے نرسوں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری

8 Feb 2017 13:53

سندھ حکومت کو بار بار کی یاد دہانی کے باوجود 30 سال سے نرسنگ اسٹاف کی پروموشن نہیں ہوئی، لہٰذا نرسنگ اسٹاف کیجانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انکا ماہانہ وظیفہ دوسرے صوبوں کے برابر یعنی 20 ہزار کیا جائے، جبکہ رسک، ہیلتھ اور ڈریس الاؤنس بھی باقی صوبوں کے برابر کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی پریس کلب کے باہر نرسوں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں طبی سرگرمیاں معطل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نرسوں کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے اور سندھ بھر کی نرسیں اپنے مطالبات منوانے کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا دیئے بیٹھی ہیں۔ سندھ حکومت کو بار بار کی یاد دہانی کے باوجود 30 سال سے نرسنگ اسٹاف کی پروموشن نہیں ہوئی، لہٰذا نرسنگ اسٹاف کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان کا ماہانہ وظیفہ دوسرے صوبوں کے برابر یعنی 20 ہزار کیا جائے، جبکہ رسک، ہیلتھ اور ڈریس الاؤنس بھی باقی صوبوں کے برابر کئے جائیں۔

نرسوں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں طبی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں اور ہزاروں آپریشنز ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ڈائریکٹر نرسنگ اسٹاف حبیب اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ پریس کلب کے باہر دھرنا دینے والی نرسوں کو مذکرات کی دعوت دی ہے، لیکن یہ لوگ بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے اس احتجاج سے لاتعلقی کا اظہار کر رکھا ہے اور اس تنظیم سے تعلق رکھنے والا عملہ اسپتالوں میں تعینات ہے۔


خبر کا کوڈ: 607522

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/607522/کراچی-مطالبات-منوانے-کیلئے-نرسوں-کا-دھرنا-دوسرے-روز-بھی-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org