0
Thursday 9 Feb 2017 09:44

وزیراعظم کو بہت جلد اپنے جعلی اقتدار سے محروم ہونا پڑے گا،نعیم الحق

وزیراعظم کو بہت جلد اپنے جعلی اقتدار سے محروم ہونا پڑے گا،نعیم الحق
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف اربن لاہور کے دفتر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ حکومت کو ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولنا پڑے ہیں، لیکن اب یہ زیا دہ دیر تک حقیقت پر پردہ نہیں ڈال سکتے، قطری خط کی حقیقت پوری قوم سمجھ چکی ہے، حکومتی وزراء روزانہ جھوٹ بولتے ہیں، وہ سپریم کورٹ کو سرعام دھمکیاں دیتے ہیں لیکن وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی جائیں گے، وزیراعظم کو بہت جلد اپنے جعلی اقتدار سے محروم ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح ڈان نیوز لیکس سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ بھی چھپا لی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈان نیوز لیکس سکینڈل کے دونوں مرکزی کرداروں مریم نواز اور طارق فاطمی کو قرار واقعی سزا دی جائے، ان کے علاوہ اس سازش میں ملوث وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دیگرتمام عملے کا بھی احتساب ہونا چاہیے، جنہوں نے پاک فوج کیخلاف اتنی بڑی سازش تیار کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم معیشت کی ترقی کے بلند وبانگ دعوے کرتے ہیں لیکن حکومت اس ملک کی معیشت چلانے کیلئے روزانہ 7 ارب روپے کا قرض لیتی ہے، وزیراعظم آئے روز ایسے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جن کا نہ تو سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور نہ ہی وہ مکمل ہوئے ہیں، یہ صرف عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے جو کہ پوری آب وتاب سے جا ری ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری، صمصام بخاری، ولید اقبال، میاں حماد اظہر، ڈاکٹر شاہد صدیق، مسرت جمشید چیمہ، ڈاکٹر زرقا تیمور، محمد مدنی، فاطمہ چدھڑ، وسیم ظفر جٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 607760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش