0
Thursday 9 Feb 2017 20:35

پیپلزپارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی

پیپلزپارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی، مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دینا غلط ہے، پیپلزپارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید علی حیدر گیلانی، سید احمد مجتبی گیلانی، خواجہ رضوان عالم، عثمان بھٹی، ڈاکٹر جاوید صدیقی، منظور قادر قادری، ملک رمضان بھلر، نشید عارف گوندل، نفیس احمد انصاری، ایم اللہ بخش بھٹہ، چوہدری یسین، حاجی خلیل راں، امین ساجد ، اسلم بھٹی اور مشتاق انصاری بھی موجود تھے۔ یوسف ضا گیلانی نے مزید کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو امریکہ کے عوام اور عدلیہ نے مسترد کر دیا ہے اور بتا دیا ہے کہ ہر مسلمان دہشت گرد نہیں ہوتا، اس سلسلے میں مسلمانوں پر دہشت گردی کا الزام غلط ہے، حکومت پاکستان کو بھی چاہیئے کہ وہ فارن پالیسی کے زریعے اس بات کو اجاگر کرے کہ اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے، مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں ٹرمپ کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔

یوسف رضا گیلانی نے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات شوکت بسرا پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سیاست میں تشدد نہیں ہونا چاہیئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ سرائیکی صوبے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو یقینا سرائیکی صوبے سمیت ملتان کے جلسہ میں اپنی پالیسی کا اعلان کریں گے اور وہ جو حکمت عملی دیں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سرائیکی صوبے کے حوالے سے سینیٹ میں اتفاق رائے سے بل منظور کرایا، آج وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی جنوبی پنجاب کا نام لیتے ہیں یہ ہمارا کارنامہ ہے کہ ہم نے ان سے جنوبی پنجاب منوا لیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے قاسم باغ سٹیڈیم کا معائنہ کیا اور بعدازاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے بعد بلاول بھٹو کا ملتان میں پہلا جلسہ ہوگا، جو ایک گیم چینجرز ثابت ہوگا، اس جلسہ میں اگرچہ رحیم یار خان سمیت پورے جنو بی پنجاب سے کارکن شریک ہوں گے، لیکن ہمارا ٹارگٹ ملتان کے لوگوں کو جلسہ میں لانا ہے اور ہم بلاول بھٹو کو تاریخی اجتماع دیں گے، ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے دلی افسوس ہے کہ عمران خان کے جلسہ میں ناقص انتظامات کی وجہ سے سات اموات ہوئیں، ہم انشاءاللہ جلسہ کے انتظامات اور خصوصا راستوں کے علاوہ پینے کا پانی بھی مہیا کریں گے۔ عمران خان کے جلسہ کے تجربات کو سامنے رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 607954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش