QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن کا خیبر پی کے، بلوچستان اور پنجاب کے الیکشن کمشنرز کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنیکا فیصلہ

9 Feb 2017 22:22

الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا مسرت اللہ، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ملک مسعود، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سلطان باز آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے ہیں، انکے بعد انکی جگہ الیکشن کمیشن کے افسران کو بطور نئے صوبائی الیکشن کمشنر تعینات کر دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے الیکشن کمشنرز کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2018ء کے عام انتخابات کی تیاریوں کے دوران اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے والے افسران کو ان کے تجربے کی وجہ سے دوبارہ انہیں ملازمت دینے کیلئے کسی سفارش کو زیر غور نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا مسرت اللہ، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ملک مسعود، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سلطان باز آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے ہیں، ان کے بعد ان کی جگہ الیکشن کمیشن کے افسران کو بطور نئے صوبائی الیکشن کمشنر تعینات کر دیا جائے گا۔ سنیارٹی کی بنیاد پر نئے افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔ 2018ء کے انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کی گئی ہیں اور 2018ء کے عام انتخابات سے قبل تینوں صوبوں کے نئے الیکشن کمشنرز تعینات کر دیئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2013ء کے انتخابات میں پنجاب سے محبوب انور، سندھ سے سونو خان بلوچ کی مدت ملازمت میں توسیع دینے کے فیصلے پر انتخابات کے نتائج کے بعد اس وقت الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 607981

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/607981/الیکشن-کمیشن-کا-خیبر-پی-کے-بلوچستان-اور-پنجاب-کمشنرز-کی-مدت-ملازمت-میں-توسیع-نہ-کرنیکا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org