0
Thursday 9 Feb 2017 10:43

انقلاب اسلامی اس دور کا معجزہ اور امام خمینی مکتب کی پہچان ہیں، فدا محمد ناشاد

انقلاب اسلامی اس دور کا معجزہ اور امام خمینی مکتب کی پہچان ہیں، فدا محمد ناشاد
اسلام ٹائمز۔ انقلاب اسلامی ایران کی 38ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں جامعۃ المصطفٰی العالمیہ شعبہ برادران کے زیر اہتمام ایک خوبصورت تقریب کا نعقاد کیا گیا، جس کی صدارات حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد شفا نجفی نے کی، جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی اسپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان حاجی فدا محمد ناشاد  تھے۔ ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر نے خصوصی شرکت کی۔ جامعۃ المصطفٰی العالمیہ پاکستان شعبہ تعلیم کے انچارج  ڈاکٹر فدا حسین عابدی اور شعبہ برادران و خواہران کے معزز اساتید نے بھی شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پڑھی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر فدا محمد ناشاد نے کہا کہ انقلاب اسلامی اس دور کا معجزہ ہے، ایک طرف شاہ تھا، جس کے پاس فوج تھی، حکومت تھی، وزراء، غرض تمام وسائل موجود تھے اور دوسری طرف ایک بوریا نشین تھا، جس نے صدیوں سے قائم شہنشاہت کو ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا جب امام خمینی کو بڑے بڑے تاجروں نے بڑے گھروں کی پیش کش کی تو انہوں نے خوبصورت جواب دیا تھا، جسے میں نے شعر کی صورت میں اس وقت کہا جب میں نے امام خمینی کا چھوٹا سا گھر دیکھا تھا۔
میں اس کچے مکان میں مطمئن ہوں
سنا ہے زندگانی مختصر ہے
فدا محمد ناشاد نے مزید کہا کہ بامعرفت نوجوان اور بابصیرت قیادت ہو تو انقلاب آتا ہے۔ امام خمینی مکتب کی پہچان ہیں۔

ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی نے لوگوں کو ظلمت سے نکالا اور ان کے مسائل کو حل کیا۔ ہمیں بطور مسلمان یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے زوال کی وجوہات کیا ہیں؟ کیونکہ استاد مطہری کہتے تھے، جس طرح افراد کی حیات و ممات ہوتی ہے، اسی طرح قوموں کی بھی حیات و ممات ہوتی ہے۔ اس لئے ہمیں سلطنت مغلیہ اور خلافت عثمانیہ کے زوال کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا اور اس کے ساتھ اس بات پر بھی غور کرنا ہوگا کہ جب کوئی قوم عروج پاتی ہے تو اس کی وجوہات کیا ہوتیں ہیں۔؟ حجۃ الاسلام آغا شفا نجفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی حکومت کا قیام ایک عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے احادیث کی روشنی میں اسلامی حکومت کے قیام کے مطالبہ کا ذکر کیا اور مزید کہا امام خمینیؒ کی شخصیت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، یہ باعث تعجب نہیں ہے، کیونکہ پروپیگنڈہ کرنے والوں نے تو حضرت علیؑ کی شخصیت کے خلاف بھی پروپیگنڈہ کیا۔

ڈاکٹر فدا حسین عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب ایک نور ہے، جس سے جہالت کا خاتمہ ہوا۔ یہ انسانی انقلاب ہے، امام خمینی لوگوں کو اندھیروں سے روشنی کی طرف لائے۔ انہوں نے ظالم و جابر کے خلاف بولنا سکھایا۔ ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا انقلاب سے دینی تعلق ہے، جب پوری دنیا دین کو انسانیت کے لئے مسئلہ قرار دے کر محدود کرچکی تھی، ایسے میں انقلاب اسلامی ایران نے پوری قوت کے ساتھ اسلام کو  معاشرے میں نافذ کیا حجۃ الاسلام زاہد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب ایک مشکل امر تھا، مگر ممکن تھا۔ امام خمینیؒ نے اللہ کی مدد سے اس انقلاب کو برپا کیا اور یہ انقلاب تمام تر چنلنجز کے باجود رہبر معظم کی بابصیرت قیادت میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی خمینی الحدوث و خامنہ ای البقا  ہے، اللہ تعالٰی ہمیں رہبر کے حقیقی پیرو بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ جامعۃ المصطفٰی شعبہ برادران اسلام آباد کے پرنسپل حجۃ الاسلام والمسلمین انیس الحسنین کی طرف سے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 608035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش