0
Monday 21 Mar 2011 21:49

امریکہ کی دوستی پاکستان کو بہت مہنگی پڑی، چین سے دوستی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ

امریکہ کی دوستی پاکستان کو بہت مہنگی پڑی، چین سے دوستی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے اشاروں پر چلنے والے حکمرانوں کو عوامی رائے کی طاقت سے شکست دیں گے۔ امریکہ کی دوستی پاکستان کو بہت مہنگی پڑی ہے۔ چین سے دوستی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے نے امریکہ کے تمام مہروں کے چہروں سے نقاب ہٹا دیا ہے۔ لیبیا پر امریکی اور فرانسیسی فضائیہ کی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ کی نظریں لیبیا کے تیل کے ذخائر پر لگی ہوئی ہیں۔
انہوں نے یہ بات منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک انتہائی سنگین حالات سے گز رہا ہے لیکن حکمران امریکہ کی کاسہ لیسی سے باز نہیں آ رہے۔ یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کی جا سکتی ۔جماعت اسلامی ملک بھر کے عوام کو منظم کر کے کرپٹ، نااہل اور غیروں کے آلہ کار حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کر ے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ کی دوستی پاکستان کو بہت مہنگی پڑ رہی ہے۔ ملک بھر میں امریکی جاسوس کھلے عام پھر رہے ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں بلیک واٹر ملوث ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے پر وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت نے جو بزدلانہ کردار ادا کیا ہے وہ شرمناک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو قومی مفادات اور عوامی امنگوں کے مطابق پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ازسرنو ترتیب دے۔ امریکہ سے آقا اور غلام کی بنیاد پر تعلق کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ غیروں کے درپر سجدہ ریز ہونے والی بزدل قیادت کو اُن پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 60817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش