QR CodeQR Code

شہید مقبول اور افضل گورو کے باقیات بھارت کے پاس ہماری امانت ہے، آغا سید حسن

10 Feb 2017 22:10

مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب میں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کسی مقتول کی میت کو ورثاء کے سپرد کرنے سے مسلسل انکار قاتل کی انتہائی سفاکی اور انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے، باقیات سے صاف انکار تمام مذاہب کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی سراسر بیخ کنی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینیئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی نے کہا کہ ان شہداء نے اپنی پُرعزیمت قربانیوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے حریت پسند کشمیری قوم کو کبھی ختم نہ ہونے والے جوش و جذبے سے سرفراز کیا۔ مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ان شہداء کے باقیات بھارت کے پاس کشمیری قوم کی امانت ہے، کشمیری قوم بڑی بیتابی کے ساتھ ان شہداء کے باقیات کے واپسی کے لئے منتظر ہے، تاکہ ان شہداء کے آخری رسومات ان کے دین و عقیدہ کے مطابق ادا کئے جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی مقتول کی میت کو ورثاء کے سپرد کرنے سے مسلسل انکار قاتل کی انتہائی سفاکی اور انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے، باقیات سے صاف انکار تمام مذاہب کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی سراسر بیخ کنی ہے۔ آغا سید حسن نے متحدہ مزاحمتی قیادت کے یو این او چلو پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے حکومت کے روایتی حربوں، مزاحمتی قائدین کی خانہ نظربندی، شہر سرینگر بالخصوص سنوار سرینگر جانے والی سڑکوں کی شدید ناکہ بندیوں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری شہداء شہید محمد مقبول اور شہید محمد افضل کے باقیات ان کے ورثاء کو لوٹانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔


خبر کا کوڈ: 608217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/608217/شہید-مقبول-اور-افضل-گورو-کے-باقیات-بھارت-پاس-ہماری-امانت-ہے-آغا-سید-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org