0
Saturday 11 Feb 2017 14:18

شگر میں متاثرین برفباری کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز، فوج اور انتظامیہ اہلکار شریک

شگر میں متاثرین برفباری کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز، فوج اور انتظامیہ اہلکار شریک
اسلام ٹائمز۔ بلتستان کے ضلع شگر ارندو میں گلیشئر سرکنے اور برفانی تودے گرنے سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں۔ امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ اور پاک فوج کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کمشنر بلتستان ڈویژن عاصم ایوب اعلٰی فوجی افسران، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام سمیت دیگر انتظامیہ کے اہلکار ہیلی کاپٹر میں امدادی سامان لے کر متاثرہ علاقے میں پہنچے۔ انہوں نے متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ اس موقع پر کمشنر عاصم ایوب نے متاثرین سے ان کی مشکلات معلوم کیں اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ کمشنر عاصم ایوب نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مایوس نہ ہوں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ پوری طرح سے الرٹ ہے۔ کمشنر نے پر متاثرین کو ہدایات دیں کہ وہ دریاوں اور پہاڑوں کے پاس نہ جائیں اور کچھ عرصہ ایسے مقامات پر قیام کریں جہاں لینڈ لائیڈنگ کے خطرات کم سے کم ہوں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم ایوب نے کہا کہ ارندو میں صورتحال قابو میں ہے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کچھ مویشی خانے برفباری سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہم متاثرین کو ان کے مویشی خانوں کے معاوضے فراہم کریں گے اور انہیں مصیبت کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارندو کے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اب الحمد اللہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ متاثرین امدادی ٹیموں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور انہوں نے امدادی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 608462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش